قائداعظم ٹرافی : محمد ولید اور امام الحق کی سنچریاں ، محمد عباس کی6 وکٹیں۔
شاداب خان کی میچ میں9 وکٹیں اور نصف سنچری۔
——————————-
لاہور 16 نومبر ۔ نوازگوھر
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے آخری دن پانچوں میچز ڈرا پر ختم ہوگئے۔
ان میچوں کی خاص بات محمد ولید اور امام الحق کی سنچریاں اور محمد عباس کی 6 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی ان کے علاوہ شاداب خان نے قابل ذکر آل راؤنڈ پرفارمنس دیتے ہوئے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ نصف سنچری بھی اسکور کی۔
ریلوے کرکٹ گراؤنڈ ہری پور میں فاٹا کی ٹیم کوئٹہ کے 187 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 343 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کوئٹہ نے 156 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 118 رنز بنائے تھے۔ ارشد اللہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں انہوں نے8 وکٹیں حاصل کیں۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی کو بہاولپور کے خلاف جیتنے کے لیے 302 رنز کا ہدف ملا اس نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 198 رنز بنائے تھے۔عمیر مسعود نے 77 رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل بہاولپور نےدوسری اننگز میں 7 وکٹوں پر 392 رنز بناکر ڈکلیئر کردی تھی محمد عمار 86 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاداب خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں اور راولپنڈی کی پہلی اننگز میں 54 رنز بھی اسکور کیے تھے۔
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں کراچی وائٹس نے آزاد جموں کشمیر کے خلاف دوسری اننگز 159رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ اسطرح آزاد جموں کشمیر کو جیتنے کے لیے 228 رنز کا ہدف ملا۔اس نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر112 رنز بنائے تھے۔حسن رضا نے 55 رنز اسکور کیے۔
اشفاق کرکٹ گراؤنڈ۔ چارسدہ میں پشاور کی ٹیم ملتان کے 292 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں251 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ملتان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 233 رنز بنائے تھے۔امام الحق 115 رنز بناکر نمایاں رہے۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں یہ ان کی 13 ویں سنچری ہے۔
گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم صوابی میں سیالکوٹ کی ٹیم لاہور بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 263 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی محمد ولید نے پندرہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عباس نے 41 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
فالوآن کے بعد سیالکوٹ نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 185 رنز بنائے تھے۔عاشرمحمود نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔
قائداعظم ٹرافی کا پانچواں راؤنڈ 19 نومبر سے شروع ہوگا۔