پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سلیکٹر عاقب جاوید کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا جبکہ زمبابوے کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز طے ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ عاقب جاوید کو لاہور قلندرز کے ڈیویلپمنٹ اسکواڈ کے ساتھ دورہ زمبابوے کا تجربہ ہونے کی بنا پر ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے جبکہ وہ ماضی میں قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا سے قبل گیری کرسٹن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو وائٹ بال ٹیم کو اضافی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
گیری کرسٹن نے پی سی بی اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید سے اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا، پی سی بی اور گیری کرسٹن کے درمیان معاملات کچھ عرصے سے خراب تھے، وہ سپورٹ اسٹاف میں اپنی ٹیم لانے کی اجازت نہ دینے پر ناراض تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عاقب جاوید کیلئے زمبابوے کے ویزے کے اجراء کا پروسیس شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق ویزے کے اجراء پر عاقب جاوید پہلی دستیاب فلائٹ سے زمبابوے روانہ ہونگے،
قومی سکواڈ آسٹریلیا کیخلاف آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے بعد زمبابوے پہنچےگا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے اور آئندہ سیریز میں عاقب جاوید کو قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں دینے پر غور کیا جارہا ہے، وائٹ بال ہیڈ کوچ کے حوالے سے فیصلہ جلد متوقع ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اب ملکی کوچ کو مستقل ذمہ داری دے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 24 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔
پاکستان ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقا کے خلاف بھی سیریز کھیلے گی جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق ٹیسٹ کرکٹ محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے راہیں جدا کرتے ہوئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی کوچنگ سے الگ ہو گئے۔