دوسرا چار روزہ میچ : سری لنکا اے کے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 293 رنز

دوسرا چار روزہ میچ : سری لنکا اے کے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 293 رنز۔

سونال دنوشا اور ونوجا ساہن کی نصف سنچریاں

خرم شہزاد کی 6 وکٹیں۔

راولپنڈی 18 نومبر۔ نوازگوھر

سری لنکا اے نے سونال دنوشا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے سبب پاکستان شاہینز کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنالیے تھے۔

سونال دنوشا 81 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں اور وہ تین نصف سنچری پارٹنرشپس میں شریک رہے ہیں۔
پہلے دن کی ایک اور خاص بات خرم شہزاد کی چھ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کپتان محمد ہریرہ نے ٹاس جیت کر سری لنکا اے کو بیٹنگ دی لیکن اس کی 5 وکٹیں صرف 35 رنز پر گرگئی تھیں۔ یہ پانچوں وکٹیں خرم شہزاد نے حاصل کی تھیں۔

انہوں نے پریرا( صفر ) اور مشرا ( صفر ) کو ایک ہی اوور میں آؤٹ کرنے کے بعد وکرما سنگھے( 30 ) اور کپتان سوریا بندارا ( 2 ) کو بھی ایک ہی اوور میں آؤٹ کردیا۔

پون رتنائیکے نے سونال دنوشا کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز کا اضافہ کیا ۔ یہ شراکت بھی خرم شہزاد نے رتنائیکے کو35 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کرکے ختم کردی۔

دنوشا اور دنورا کالو پہانا نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں56 رنز بنائے۔کالوپہانا 30 رنز بناکر احمد صفی عبداللہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

دنوشا نے ونوجا ساہن کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 98 رنز کی ایک اور اہم شراکت قائم کی۔ ساہن 6چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے63 رنز بناکر احمد صفی عبداللہ کی اننگز میں دوسری وکٹ بن گئے۔

دنوشا 169 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں ۔انہوں نے پہلے چار روزہ میچ کی دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری اسکور کی تھی۔

دنوشا اور وجے سندرا کے درمیان نویں وکٹ کی شراکت میں 45 رنز بن چکے ہیں۔وجے سندرا 38 رنز پر ناٹ آؤ ٹ ہیں ان کی اننگز میں 4 چوکے اور3 چھکے شامل ہیں۔

خرم شہزاد نے 30 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلے چار روزہ میچ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں چار اور دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

احمد صفی عبداللہ نے 100 رنز کے عوض 2 کھلاڑی آؤٹ کیے ہیں۔

تعارف: News Editor