بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ؛ افغان ٹیم پاکستان پہنچ گئی

پہلی بار بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں حصہ لینے کیلئے افغان ٹیم پاکستان پہنچ گئی

چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے افغانستان کی 18 رکنی بلائنڈ کرکٹ ٹیم اور آفیشلز براستہ طورخم پشاور پہنچ گئے۔ افغانستان ٹیم پہلی بار بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہے۔

افغان ٹیم میں کپتان ابسین خان،سردار ولی، غلام رحمان، عبدل ملک، دروان، بریالی، ذبیح اللہ، شرافت، اجمل، سمیع اللہ، فرمان، فہیم، اسد، روح اللہ، زاہد، عزت، احسان سمیم کے نام شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ثناء اللہ خان مروت کوچ، ڈاکٹر شفیق فزیو اور سید جلال ٹرینر ہوں گے۔ افغان ٹیم کے 2 کھلاڑی ویزا ملنے کے بعد ٹیم کوجوائن کریں گے۔

دریں اثناء جنوبی افریقی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 20 نومبر کو صبح 8 بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پہنچے گی۔ دیگر ٹیمیں بروز جمعرات 21 نومبر کو لاہورآئیں گی۔

واضح رہے کہ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 23 نومبر سے پاکستان میں شروع ہونا ہے۔ ادھر بھارتی حکومت نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کے لیے این او سی دینے سے انکار کر دیا ہے۔

تعارف: News Editor