قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ کا آغاز.
قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ کا آغاز۔
لاہور وائٹس کے عبیدشاہ کی لاڑکانہ کے خلاف 79 رنز دے کر8 وکٹیں ۔
اسلام آباد کے موسیٰ خان کی فیصل آباد کے خلاف 6 وکٹیں، ٹورنامنٹ میں وکٹوں کی تعداد 33ہوگئی۔
محمد بلال اور قاسم اکرم کی سنچریاں۔
قائداعظم ٹرافی : عبید شاہ کی 8 وکٹوں کی شاندار کارکردگی۔
محمد بلال اور قاسم اکرم کی سنچریاں ۔
——————————-
لاہور 19 نومبر ۔ نوازگوھر
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا پانچواں اور آخری راؤنڈ منگل کے روز شروع ہوگیا۔ پہلے دن کی خاص بات لاہور وائٹس کے نوجوان بولر عبید شاہ کی لاڑکانہ کے خلاف 8 وکٹوں کی شاندار کارکردگی تھی۔
ایبٹ آباد کے محمد بلال اور لاہور بلوز کے قاسم اکرم نے سنچریاں اسکور کیں۔
مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں لاڑکانہ کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف 202 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عبیدشاہ نےشاندار بولنگ کرتے ہوئے 79 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کیں جو اس ٹورنامنٹ میں ابتک کسی بھی بولر کی بہترین بولنگ ہے۔
لاہور وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ پر 121 رنز بنائے تھے۔اطیب احمد 61 اور گوہر حفیظ بٹ 50رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں فیصل آباد کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف 202 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
عتیق الرحمن نے 61 رنز اسکور کیے۔ موسٰی خان نے 51 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔اس ٹورنامنٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد نے کھیل ختم ہونے پر5 وکٹوں پر 72 رنز بنائے تھے۔
میرپور اسٹیڈیم میرپور میں کراچی بلوز کی ٹیم سیالکوٹ کے خلاف 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔فواد عالم نے 60 رنز بنائے۔محمد علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
سیالکوٹ نے جواب میں ایک وکٹ پر59 رنز بنائے تھے۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں بہاولپور کی ٹیم کراچی وائٹس کے خلاف 248 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد شہریار 5 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے عمران رندھاوا نے 60 اور عابدعلی نے 49 رنز بنائے۔محمد آصف نے4 وکٹیں حاصل کیں۔
اشفاق کرکٹ گراؤنڈ چارسدہ میں آزاد جموں کشمیر کی ٹیم ملتان کے خلاف 188 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔حسن رضا نے بارہ چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی ۔ حذیفہ ایوب نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان نے کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 117 رنز بنائے تھے۔ زین عباس 56 اور امام الحق 57 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد کی ٹیم حیدرآباد کے خلاف 290 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد بلال نے بارہ چوکوں کی مدد سے 102 رنز اسکور کیے۔ خالد عثمان نے62 رنز کی اننگز کھیلی۔مصطفیٰ ناصر۔شہریار بلوچ اور محمد وقار نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
حیدرآباد نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ پر59 رنز بنائے تھے۔
ریلوے کرکٹ گراؤنڈ ہری پور میں ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم کوئٹہ کے خلاف پہلی اننگز میں 144 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔عابدعلی مینگل نے 67 رنز بنائے۔ جلات خان نے 28 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔نجیب اللہ نے 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
کوئٹہ نے کھیل ختم ہونے پر 4 وکٹوں پر73 رنز بنائے تھے۔چاروں وکٹیں دانش عزیز نے حاصل کی ہیں۔
گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم صوابی میں لاہور بلوز کی ٹیم فاٹا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 287 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھے۔قاسم اکرم نے اٹھارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 109 رنز اسکور کیے۔
یہ ان کی اس ٹورنامنٹ میں دوسری سنچری ہے۔ارشد اللہ نے 89 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
فاٹا نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 57 رنز بنائے تھے۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں پشاور نے راولپنڈی کے خلاف 7 وکٹوں پر 351 رنز بنائے تھے۔سجاد ابراہیم 73 زبیر خان 69 اور اسراراللہ 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔مہران ممتاز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پانچویں راؤنڈ کے اختتام پر تینوں گروپ کی تین سرفہرست ٹیمیں سہ فریقی مرحلے میں حصہ لیں گی اور اس مرحلے کی دو ٹاپ ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 14 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔