ابوظبی ٹی 10 کا سب سے بڑا سیزن شروع ہوگیا

ابوظبی ٹی 10 کا سب سے بڑا سیزن شروع ہوگیا


ابوظبی ;  ابوظبی ٹی 10 کے تازہ ترین ایڈیشن کا آغاز 21 نومبر 2024 سے ہورہا ہے ایونٹ میں شریک تمام دس ٹیموں کے نمائندے زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں جمع ہوئے اور ٹورنامنٹ سے قبل پریس کانفرنس میں میڈیا سے خطاب کیا۔

2024 ابوظبی ٹی 10 تاریخ کا سب سے بڑا سیزن ہوگا جس میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پاکستانی اسٹار روہان مصطفیٰ نے رواں سال کپتان کی حیثیت سے اسمپ آرمی میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور سیزن کے لئے اپنا وژن شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شاندار ٹیم اور ٹورنامنٹ کا حصہ بننا بہت اچھا لگ رہا ہے۔ مقصد واضح ہے – ٹیم کو چیمپیئن شپ ٹائٹل تک لے جانا۔ ۔

نئی ٹیم عجمان بولٹس کے کپتان محمد نبی نے کہا کہ لیگ کا حصہ بننا بہت اچھا لگتا ہے جو دنیا بھر میں ٹی 10 کرکٹ کو متعارف کرانے اور مقبول بنانے میں چیمپیئن ہے۔ اگرچہ یہ ہمارا پہلا سیزن ہے، لیکن ہم کافی پراعتماد ہیں اور ٹیم کے لئے سیزن کو یادگار بنانے کے لئے اچھی ٹریننگ کر رہے ہیں۔

یوپی نوابز کے کپتان رحمان اللہ گرباز نے بھی اسی طرح کے بیانات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اچھی حالت میں ہے۔ یہ ٹیم کا پہلا سیزن ہے اور ہم اسے ایک دلچسپ اور کامیاب سفر بنانے پر بہت خوش ہیں۔

سیزن 7 کی چیمپیئن نیو یارک اسٹرائیکرز بھی 22 نومبر کو مورس ویل اسمپ آرمی کے خلاف اپنے ٹائٹل دفاعی سفر کا آغاز کرے گی۔ نائب کپتان محمد عامر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گزشتہ برس بہت کامیاب مہم چلائی تھی اور ہم اس سیزن میں بھی اسے دہرانے اور لگاتار دوسرا ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔

تمام کھلاڑی میدان پر ایکشن میں واپس آنے کے لئے تیار ہیں اور دو ہفتے کی کرکٹ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
ٹیم ابوظبی رواں سال اپنا ڈیبیو ٹائٹل جیتنے کے لئے پرامید ہے نئے کپتان فل سالٹ کا کہنا ہے کہ وہ نئے چیلنج کے لئے اچھی طرح تیار ہیں۔

گلیڈی ایٹرز کے اسٹار ڈیوڈ ویزے کا کہنا ہے کہ ہم لیگ کی سب سے کامیاب ٹیموں میں سے ایک ہیں اور رواں سال ٹرافی جیت کر سب سے زیادہ ٹائٹل کے ساتھ اسکواڈ بننا چاہتے ہیں. گزشتہ سال ہم تھوڑا سا پیچھے رہ گئے تھے۔ لیکن اس سال کامیابی حاصل کرنے کے لئے پرامید ہیں۔

وارئیرز کا بھی ایسا ہی ہدف ہے اور اوپننگ بلے باز کولن منرو اسے کامیاب بنانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارے نام پر دو ٹائٹل ہیں لیکن ہمیں اپنی آخری ٹرافی اٹھائے ہوئے کافی وقت ہو چکا ہے۔ اس سیزن میں، ہم اسے تبدیل کرنے اور تیسری ٹرافی حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بنگلہ ٹائیگرز کے کپتان شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ساتھ واپس آکر اور اس ٹورنامنٹ کے خوشگوار ماحول کا تجربہ کرنا بہت اچھا لگ رہا ہے۔ تمام کھلاڑی ٹیم کے مقصد اور گیم پلان سے ہم آہنگ ہیں اور میدان میں قدم رکھنے اور اپنی مثالی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا انتظار نہیں کر سکتے۔

رواں سال چنئی بریوز کی کپتانی سنبھالنے والے تھیسارا پریرا بھی سیزن کو یادگار بنانے کے لیے کافی پرعزم ہیں۔ فرنچائز نے 2021 میں لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی اور ابھی تک اس نے اپنا ٹائٹل اکاؤنٹ نہیں کھولا ہے۔

یہ ہر کھلاڑی کا مقصد ہے جو ہمارے اسکواڈ کا حصہ ہے۔ کھلاڑی پریکٹس سیشن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اپنے بہترین کوچنگ اسٹاف کی مدد سے ہمیں آخر کار اس سیزن میں فتح حاصل کرنی چاہیے۔

جیمز ونس رواں سال دہلی بلز کا حصہ ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم اچھی طرح سے تیار اور تربیت یافتہ ہے اور مہم شروع کرنے کے لئے کافی پرجوش ہے وہ ٹرافی حاصل کرنے کے لئے بھی پرامید ہیں۔

ابوظی ٹی 10 کے 8 ویں سیزن کا آغاز 21 نومبر کو ٹیم ابوظبی اور عجمان بولٹس کے درمیان ڈیبیو میچ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ 2 دسمبر کو فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔

تعارف: News Editor