زمبابوے حکومت کی “زمبابوے اوپن فار بزنس” کے فروغ کے لئے ٹی 10 گلوبل سے شراکت داری

زمبابوے حکومت کی “زمبابوے اوپن فار بزنس” کے فروغ کے لئے ٹی 10 گلوبل سے شراکت داری

ابوظہبی : زمبابوے کی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے ٹی ٹین گلوبل اسپورٹس کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کی ہے۔

یہ اقدام صدر ایمرسن منانگاگوا کے زمبابوے کو ’’اوپن فار بزنس‘‘ کے طور پر پیش کرنے کے وژن سے مطابقت رکھتا ہے اور ملک کی نمایاں اقتصادی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لئے بین الاقوامی پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھاتا ہے۔

ٹیلی ویژن اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر 500 ملین سے زیادہ ناظرین اور 100 ممالک میں 2.5 بلین کی سوشل میڈیا تک رسائی کے ساتھ ٹی ٹین کی کرکٹ لیگز زمبابوے کو اپنی سرمایہ کاری کے امکانات کے فروغ کا بے مثال موقع فراہم کرتی ہیں۔

اس شراکت داری کا باضابطہ آغاز ابوظبی میں 2024 ء میں ابوظبی ٹی 10 میں کیا جائے گا، جس سے زمبابوے بین الاقوامی کاروبار کے لئے ایک اہم مقام کے طور پر سامنے آئے گا۔

زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا نے کہا کہ زمبابوے کاروبار کے لیے کھلا ہے اور ٹی ٹین گلوبل اسپورٹس کے ساتھ یہ شراکت داری دنیا کے ساتھ رابطے کے لیے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔

ٹی ٹین کی وسیع رسائی کے ذریعے ہم زمبابوے کو سرمایہ کاری اور جدت طرازی کے ایک پھلتے پھولتے مرکز کے طور پر پیش کریں گے۔ یہ تعاون ہمارے ملک کی عالمی ساکھ اور اقتصادی مستقبل کی تعمیر میں ایک اہم قدم ہے۔

متحدہ عرب امارات میں قائم کمپنی ملک انٹرنیشنل ہرارے کے ماؤنٹ ہیمپڈن میں 500 ملین ڈالر کی لاگت سے زیم سائبر سٹی تیار کررہی ہے۔

یہ جدید ترین مخلوط استعمال کی ترقی زمبابوے کے رئیل اسٹیٹ منظر نامے کو تبدیل کرنے کو تیار ہے جس میں اعلی درجے کی رہائشی اور تجارتی جگہیں پیش کی جائیں گی۔

زمبابوے کے وافر شمسی اور پن بجلی کے وسائل بروئے کار لانے، پائیدار توانائی کے حل میں تعاون اور غیر قابل تجدید ذرائع پر انحصار کو کم کرنے کے لئے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون جاری ہے۔

عالمی زرعی کاروباروں کے ساتھ شراکت داری نے زمبابوے کی زرعی پیداوار میں اضافہ کیا ہے ، خوراک کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے اور برآمدات کے مواقع پیدا کیے ہیں۔

ٹی ٹین گلوبل اسپورٹس کے چیئرمین شجیع الملک کا کہناہے کہ ہم اس تبدیلی کے وژن کو پورا کرنے کے لئے زمبابوے کے ساتھ شراکت داری پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

ٹی ٹین کی 5 عالمی لیگز کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ زمبابوے کا پیغام اہم مارکیٹوں تک پہنچے ملک کو بااثر سرمایہ کاروں سے جوڑے اور ترقی اور تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے۔

تعارف: News Editor