پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کا دوسرا چار روزہ میچ ڈرا ہوگیا

پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کا دوسرا چار روزہ میچ ڈرا ہوگیا۔

سونال دنوشا اور پون رتنائیکے کی سنچریاں۔ محمد سلیمان کی نصف سنچری۔

—————————

راولپنڈی 21 نومبر۔ نوازگوھر

پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ ڈرا ہوگیا اسطرح پاکستان شاہینز نے دو میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیت لی ۔ اس نے پہلا چار روزہ میچ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔ آج آخری دن کھیل کی خاص بات سونال دنوشا اور پون رتنائیکے کی سنچریاں تھیں۔

جمعرات کو چار روزہ میچ کے آخری دن پاکستان شاہینز کو جیستنے کے لیے 284 رنز کا ہدف ملا تھا کھیل کے اختتام پر اس نے 3 وکٹوں پر 156 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل سری لنکا اے نے اپنی دوسری اننگز260 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔

پاکستان شاہینز کی دوسری اننگز میں محمد سلیمان تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 66 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے حیدر علی کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 89 رنز کا اضافہ کیا۔

حیدرعلی نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے43 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ علی زریاب31 کپتان محمد ہریرہ 9 اور عبدالفصیح صفر پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا اے نے اپنی دوسری اننگز 157 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی ۔ سونال دنوشا اور پون رتنائیکے نے اپنی عمدہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے سنچریاں بناڈالیں۔ دنوشا نے 116 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے شامل تھے۔

یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی چوتھی سنچری ہے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 85 رنز بنائے تھے اور ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

رتنائیکے نے 8 چوکوں کی مدد سے 100 رنز اسکور کیےاور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی ساتویں سنچری ہے۔

ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 214 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستان شاہینز کے بولرز میں احمد بشیر نے 65 رنز دے کر 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں تین ون ڈے میچز25 ۔27 اور 29 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

تعارف: News Editor