چیمپئنز ٹی20 کپ کا 7 دسمبر سے راولپنڈی میں آغاز، شیڈول کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹی20 کپ کی میزبانی راولپنڈی کے سپرد کردی، ایونٹ 7 سے 25 دسمبر تک کھیلا جائےگا۔
ڈبل لیگ مرحلے کے بعد ٹیبل پر سرفہرست ٹیم براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں دوسری دستیاب سلاٹ کے لیے کوالیفائر میں حصہ لیں گی۔
پی سی بی نے اعلان کیا کہ بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی 20 کپ 7 سے 25 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
پانچ ٹیمیں اے بی ایل سٹالینز، اینگرو ڈولفنز، لیک سٹی پینتھرز، نورپور لائنز اور یو ایم ٹی مارخورز ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ ستمبر میں فیصل آباد میں منعقدہ 50 اوورز کے ٹورنامنٹ کی شاندار کامیابی کے بعد چیمپئنز کپ سیریز کا یہ دوسرا ایونٹ ہے۔
50 اوور ایونٹ میں لیک سٹی پینتھرز نے یو ایم ٹی مارخورز کو فائنل میں شکست دی تھی، کرکٹ کے شائقین نے اقبال سٹیڈیم میں 14 میچوں کے اس ایونٹ میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا تھا۔