پہلا ون ڈے : پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو 108 رنز سے ہرادیا۔
حیدر علی کی سنچری۔ عبدالصمد کی نصف سنچری۔
اسلام آباد 25 نومبر۔ نوازگوھر
حیدر علی کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کے خلاف پہلا ون ڈے 108 رنز سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی اس نے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
اسلام آباد کلب اسلام آباد میں پیر کے روز کھیلے گئے میچ میں سری لنکا اے کے کپتان نووا نیندو فرنینڈو نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا اے 39.4 اوورز میں 198 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
شاہینز کی جانب سے کپتان محمد ہریرہ اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا تاہم معاذ صداقت 11 اورمحمد ہریرہ چار چوکوں کی مدد سے 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ شرون سراج نے 5 چوکوں کی مدد سے 42 رنز اسکور کیے۔
94 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد حیدرعلی اور عبدالصمد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 120 رنز کا اضافہ کیا۔عبدالصمد پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
حیدرعلی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 94 گیندوں پر 8 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
محمد حارث نے 36 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔
سری لنکا اے کی طرف سے ایشان مالنگا نے 61 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا اے کی اننگز میں چمندو وکرما سنگھے3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔چار روزہ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سونال دنوشا نے38 رنز اسکور کیے۔
شاہینز کی طرف سے شرون سراج نے21 رنز دے کر 3 اور عمران جونیئر نے30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
حیدر علی اپنی شاندار سنچری پر پلیئر آف میچ قرار پائے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان بقیہ دو ون ڈے میچز 27 اور 29 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ون ڈے سیریز سے قبل کھیلی گئی دو چار روزہ میچوں کی سیریز پاکستان شاہینز نے ایک صفر سے جیتی تھی۔