قائداعظم ٹرافی : سیالکوٹ نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 319 رنز بنالیے۔
اذان اویس کی شاندار ناقابل شکست سنچری۔
سیالکوٹ کی پشاور پر 148 رنز کی برتری ۔
——————————–
ایبٹ آباد 27 نومبر۔ نوازگوھر
نوجوان بیٹر اذان اویس کی شاندار سنچری کی بدولت سیالکوٹ نے پشاور کے خلاف قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے پہلے میچ کا دوسرا دن ختم ہونے پر پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنائے تھے۔
سیالکوٹ کو پشاور پر 148 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ پشاور کی ٹیم پہلی اننگز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
بدھ کے روز ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں سیالکوٹ نے اپنی پہلی اننگز 74 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی لیکن چار رنز کے اضافے پر اس کی پہلی وکٹ گرگئی۔ عاشر محمود پانچ چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناکر عامر خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ عبدالرحمن چار چوکوں کی مدد سے 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اذان اویس جنہوں نے اسی ٹورنامنٹ میں اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز کیا ہے اپنی دوسری سنچری 14 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ انہوں نے23 چوکوں کی مدد سے 161 بنائے ہیں اور وہ ناٹ آؤٹ ہیں۔
اس سے قبل وہ اس ٹورنامنٹ میں ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف 130 کوئٹہ کے خلاف78 اور فاٹا کے خلاف 51 رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔
اذان اویس اور محسن ریاض نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 140 رنز کا اضافہ کیا۔
محسن ریاض جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں فاٹا کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کی تھی ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 64 رنز بناکر عامر خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جنہوں نے محمد ولید اور افضل منظور کی وکٹیں بھی حاصل کرڈالیں ۔
عامر خان سب سے کامیاب بولر رہے ۔انہوں نے 116 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔