قائداعظم ٹرافی : سیالکوٹ نے پشاور کو اننگز اور 57 رنز سے ہرادیا۔
پشاور کی ٹیم دوسری اننگز میں 182 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
شعیب اختر کی کریئر بیسٹ 6 وکٹیں ۔
سیالکوٹ کی اننگز میں اذان اویس کی ڈبل سنچری ، 203 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ بیٹ کیری کیا۔
——————————–
ایبٹ آباد 28 نومبر۔ نوازگوھر
اذان اویس کی ناقابل شکست ڈبل سنچری اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر شعیب اختر کی چھ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی نے سیالکوٹ کو پشاور کے خلاف قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے پہلے میچ میں اننگز اور 57 رنز سے کامیابی دلادی۔
اس میچ کا فیصلہ تیسرے دن ہی ہوگیا جب پشاور کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 182 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
اس سے قبل سیالکوٹ نے 319 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو اذان اویس 161 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
انہوں نے اپنے فرسٹ کلاس کریئر کی پہلی ڈبل سنچری 407گیندوں پر 27 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ وہ 203 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔وہ اوپن جاکر آخر وقت تک ناٹ آؤٹ رہے اس طرح انہوں نے بیٹ کیری کیا۔
کپتان اسامہ میر پانچ چوکوں کی مدد سے 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اذان اویس کے ساتھ ساتویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کا اضافہ کیا۔محمد علی نے16 رنز بنائے اور اذان اویس کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 40 رنز کااضافہ کیا۔
عامر خان سب سے کامیاب بولر رہے ۔انہوں نے 40 اوورز میں 141 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور کی ٹیم دوسری اننگز میں شعیب اختر اور محمد علی کی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی۔ ایک موقع پر 95 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہوچکی تھی۔ سجاد ابراہیم 9 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ شعیب اختر نے 51 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی کریئر بیسٹ بولنگ ہے۔
محمد علی نے 43 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں 7 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کا دوسرا میچ 2 دسمبر سے ایبٹ آباد میں پشاور اور لاہور وائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا
جبکہ 27 دسمبر سے شروع ہونے والے آخری میچ میں سیالکوٹ اور لاہور وائٹس کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔
اس سہ فریقی مرحلے کی دو ٹاپ ٹیمیں2 جنوری سے فائنل میں مدمقابل ہونگی۔