پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان نے زمبابوے کو ہرا کر ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی

زمبابوے پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا

304 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی

اور پوری ٹیم 204 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ زمبابوے کو 99 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی۔

304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ٹیم کی پوری ٹیم 204 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، زمبابوے کی جانب سے کپتان کریگ ایروائن 51 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے برائن بینیٹ نے 37 ، شان ولیمز نے 24، تادیوانشے نے 24اور سکندر رضا نے 16رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب، ابرار احمد، حارث رؤف اور عامر جمال نے 2، 2 جبکہ فیصل اکرم اور کامران غلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بلاوائیو میں ہونیوالے ون ڈے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم 58 رنز کے مجموعی سکور پر صائم ایوب 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ عبداللہ شفیق 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے کامران غلام نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان محمد رضوان نے 37، سلمان آغا نے اور عرفان خان نے تین رنز بنائے جبکہ طیب طاہر 29 اور عامر جمال 5 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔

زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور رچرڈ نگروا نے 2، 2 جبکہ فراز اکرم اور بلیسنگ مزاربانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے موقع پر محمد رضوان نے کہا کہ ہم ینگ ٹیلنٹ کو چانس دے رہے ہیں، تاکہ چیمپئنز ٹرافی میں مدد مل سکے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ نوجوان پلیئرزاچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کررہے ہیں ،پچ پہلے بیٹنگ کرنے کے لیے مفید نظر آ رہی ہے، پچ پر دوسری بیٹنگ کرنا مشکل ہوگا۔

ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی نوجوان ٹیلنٹ کو مواقع دے رہے ہیں، ہماری نظر چیمپئنز ٹرافی پر ہے۔

زمبابوے کا سکواڈ: کپتان کریگ ایروائن، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا اور شان ولیمز زمبابوے کے سکواڈ میں شامل تھے۔

پاکستان کا سکواڈ: کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، طیب طاہر، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، ابرار احمد، حارث رؤف اور فیصل اکرم پاکستان کے سکواڈ کا حصہ تھے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی 

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے قومی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کر کے پوری قوم کی دل جیت لئے۔امید ہے کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

چیئرمین پی سی بی کی زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے آخری و تیسرےون ڈے میچ میں زمبابوے کو آؤٹ کلاس کیا اور سیریز اپنے نام کی، کامران غلام کو سنچری سکور کرنے پر شاباش۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلاشبہ کامران غلام نے شاندار اننگز کھیلی اور پاکستان کی فتح کی بنیاد رکھی، پاکستانی بولرز نے عمدہ باؤلنگ کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی جذبے اور متحد ہو کر کھیلے اور کامیابی حاصل کی۔

تعارف: News Editor