ابوظہبی ٹی 10 میں ناردرن واریئرز کی اہم فتح
ابوظہبی: ناردرن واریئرز نے عجمان بولٹس کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر لیگ کے 8ویں ایڈیشن 2024 میں پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات کو بہتر بنا لیا ہے۔
کیوی فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ اور افغان فاسٹ بولر عظمت اللہ عمرزئی نے وارئیرز کی جانب سے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں اور بالترتیب 7 اور 10 رنز دیئے۔ان دونوں کی کوششوں کی بدولت واریئرز نے بولٹس کو 10 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز تک محدود کر دیا۔
کیوی بلے باز کولن منرو کی ابتدائی وکٹ گنوانے کے باوجود، جنہیں محمد محسن نے 13 رنز پر آؤٹ کیا، فن ایلن اور ویسٹ انڈیز کے بین الاقوامی کھلاڑی برینڈن کنگ نے مضبوط شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
نیوزی لینڈ کے بین الاقوامی کھلاڑی ایلن نے 23 گیندوں پر 41 رنز بنائے جبکہ کنگ نے 21 گیندوں پر 23 رنز بنائے جس کی بدولت وارئیرز نے میچ صرف 7.4 اوورز میں جیت لیا۔