خیبرپختونخوا امن فٹبال ٹورنامنٹ اختتام پذیر، ضلع باجوڑ کی ٹیم نے میدان مار لیا
باجوڑ فٹبال ٹورنامنٹ ضلع باجوڑ کی ٹیم نے جیت لیا، فائنل میں پنلٹی ککس پر چترال کی ٹیم کی شکست ہوئی۔فٹبال ٹورنامنٹ پانچ روز جاری رہا جس میں مختلف اضلاع کی سولہ ٹیموں نے حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقدہ خیبرپختونخواہ امن فٹبال ٹورنامنٹ شاندار اور رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل انجم ریاض تھے۔
اختتامی روز فائنل میچ بھی کھیلا گیا جس میں ضلع باجوڑ کی ٹیم نے نہایت سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنیلٹی ککس پر چترال کی ٹیم کو شکست دی۔ مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔
اختتامی تقریب میں فرنٹیئر کور نارتھ کے بینڈ نے شاندار قومی دھنیں پیش کیں۔ اس موقع پر علاقائی فنکاروں نے روایتی موسیقی اور رقص بھی پیش کیا۔ اختتامی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔
پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے خیبرپختونخواہ امن فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد پر کھلاڑیوں، علاقہ مشران، عوام، طلباء اور نوجوانوں نے مسرت کا اظہار کیا۔نوجوانوں نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد جاری رکھا جائے۔