پاکستان نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جاپان کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر فائنل تک رسائل حاصل کرلی۔
جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا سیمی فائنل عمان میں ہوا، جہاں پاکستان اور جاپان کی ہاکی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔
پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، دوسرے کوارٹر میں قومی کپتان حنان شاہد نے گول کر پاکستان کو برتری دلائی۔
اس کے بعد اگلے 3 منٹ میں جاپان کے کھلاڑی نے گول کرکے حساب برابر کردیا، ہاف ٹائم تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ اس کے بعد تیسرے کوارٹر میں 38ویں منٹ میں قومی ٹیم کے کھلاڑی علی بشارت نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی،
لیکن اس بار بھی جاپان کے کھلاڑی یاماناکا نے گول کردیا، جس کے بعد مقابلہ 2،2 سے برابر ہوگیا۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان کے کپتان حنان شاہد نے گول کرکے حریف ٹیم پر سبقت حاصل کرلی۔ پھر 52ویں منٹ میں پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا جس پر سفیان خان نے گول کردیا، اور یوں مقابلہ 2-4 ہوگیا، اور اس کے بعد جاپان کی ٹیم کوئی گول کرنے میں ناکام رہی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ برس بھی جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرلی تھی، اور چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔