پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی
3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے 58 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے چھٹے اوور میں باآسانی حاصل کرلیا، صائم ایوب نے 36 جبکہ عمیر یوسف نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
قبل ازیں بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں میزبان زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کی پوری ٹیم 12.4 اوورز میں 57 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے برائن بینیٹ 21 اور تادیواناشے مارومانی 16 رنز کیساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا، زمبابوے کے تین کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔
پاکستان کی جانب سے صفیان مقیم نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عباس آفریدی نے 2، ابرار احمد، حارث رؤف اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کو 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ برتری حاصل ہے، اتوار کو پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کا سکواڈ ; عمیر یوسف، صائم ایوب، عثمان خان (وکٹ کیپر)، سلمان آغا (کپتان)، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم پاکستان کے سکواڈ میں شامل تھے۔
زمبابوے کا سکواڈ ; برائن بینیٹ، تادیواناشے مارومانی (وکٹ کیپر)، ڈیون مائرز، سکندر رضا (کپتان)، ریان برل، کلائیو مداندے، تشنگا میوزیکیوا، ویلنگٹن مساکڈزا، رچرڈ نگروا، بلیسنگ مزاربانی اور ٹریور گوانڈو زمبابوے کے سکواڈ کا حصہ تھے۔