بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : اینگرو ڈولفنز ٹی ٹوئنٹی کا بین الاقوامی انداز اپنانے کے لیے ُپرعزم۔
———————————-
راولپنڈی، 04 دسمبر۔ نوازگوھر
پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد کے لیے بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ ان کے اینگرو ڈولفنز اسکواڈ میں بین الاقوامی سطح کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے انداز کو شامل کرنے کا ایک اچھا موقع ہے۔
اینگرو ڈولفنز اس ایونٹ میں حصہ لینے والی پانچ ٹیموں میں سے ایک ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 7 دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
یہ ایونٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنے کے منصوبوں کا تسلسل ہے اور اس کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی معیار کے درمیان فرق کو کم کرنا ہے۔
ستمبر میں فیصل آباد میں منعقد ہونے والے چیمپیئنز ون ڈے کپ کے بعد یہ دوسرا بڑا ایونٹ ہے۔ ون ڈے کپ کو بڑی پذیرائی ملی تھی۔
ڈولفنز کے علاوہ الائیڈ بینک اسٹالینز، لیک سٹی پینتھرز، نورپور لائنز اور یو ایم ٹی مارخورز اس ایونٹ میں شرکت کریں گی جو ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا اور یہ 25 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔
سرفراز اینگرو ڈولفنز کے مینٹور، تیز رفتار فارمیٹ کی پیچیدگیوں کو جانتے ہیں، جنہوں نے 78.38 فیصد کے متاثر کن جیت کے تناسب سے 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 29 جیت کے ساتھ پاکستان کی قیادت کی ہے۔ وہ اپنا تجربہ اور علم اپنے کھلاڑیوں کو منتقل کرنے کے سلسلے میں بے حد پرامید ہیں۔
سرفراز کا کہنا ہے کہ پی سی بی ان ایونٹس کے ذریعے ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کو مثالی مواقع فراہم کر رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ میرے کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اسی طرح کھیلیں گے جس طرح بین الاقوامی سطح پر کھیلی جاتی ہے یعنی مضبوط اور نڈر۔
سرفراز کا کہنا ہے کہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ چیمپینز ون ڈے کپ میں نتائج ایسے نہیں آئے جیسے ہم پسند کرتے، ہماری ٹیم آخری نمبر پر رہی۔ لیکن میں مطمئن ہوں کہ میرے کچھ کھلاڑی جیسے سفیان مقیم اور قاسم اکرم نے کافی حد تک ترقی کی ہے اور وہ پاکستان کی مختلف ٹیموں کی خدمت کر رہے ہیں۔
” ڈولفنز ذہین ہیں اور تیزی سے سیکھنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اس لیے میں چاہتا ہوں کہ میرے کھلاڑی ان خوبیوں کے مطابق رہیں اور ملنے والے اس موقع کا بھرپور استعمال کریں ۔
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے اینگرو ڈولفنز اسکواڈ نوجوانوں اور تجربے کا امتزاج ہے۔ سب کی توجہ کا مرکز فاسٹ بولر احسان اللہ ہوں گے جنہوں نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2023 میں 22 وکٹیں حاصل کیں
جس کی وجہ سے ملتان سلطان رنر اپ رہی اور انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سرفراز کو امید ہے کہ احسان اللہ کسی نہ کسی مرحلے پر کھیلیں گے، وہ کہنی کی انجری کے باعث تقریباً دو سال سے باہر ہیں۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ "میڈیکل پینل اس کی پیش رفت کی نگرانی کر رہا ہے۔ انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں گیند کے ساتھ اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم سب چاہتے ہیں کہ وہ شاندار واپسی کریں۔
سعود شکیل سے توقع ہے کہ وہ انٹرنیشنل کھلاڑی آصف علی، فہیم اشرف، عمر امین اور نئے آنے والے مرزا طاہر بیگ جیسے پاور ہٹرز کے ساتھ ایک مستحکم بیٹنگ لائن اپ بنائیں گے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد اخلاق بھی سلوگ اوورز کی بیٹنگ کو تقویت دیں گے۔
"میں چاہتا ہوں کہ میرے بیٹرز حقیقی پاور ہٹنگ کو لفظ کے حقیقی معنوں میں اپنائیں۔ بولنگ میں سلمان ارشاد ، فہیم اشرف، تیزی سے ابھرتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ پرفارمر کاشف علی، نوجوان خبیب خلیل اور شایان شیخ کے ساتھ موجود ہیں۔ ہم ایونٹ کے لیے اچھی تیاری کر رہے ہیں، لہذا ہم سے ٹورنامنٹ میں کچھ سرپرائز دینے کی توقع رکھیں۔”
اینگرو ڈولفنز میچز کا شیڈول۔
8 دسمبر – بمقابلہ لیک سٹی پینتھرز (12 بجے دوپہر)
10 دسمبر – بمقابلہ یو ایم ٹی مارخورز (12 بجے دوپہر )
12 دسمبر – بمقابلہ نورپور لائنز (3.30 بجے)
13 دسمبر – بمقابلہ اے بی ایل اسٹالینز ( 11 بجے)
16 دسمبر – بمقابلہ لیک سٹی پینتھرز (دوپہر 12 بجے)
18 دسمبر – بمقابلہ یوایم ٹی مارخورز (12 بجے دوپہر)
20 دسمبر – بمقابلہ نورپور لائنز (شام 3.30 بجے )
21 دسمبر – بمقابلہ ABL اسٹالینز (شام 3.30بجے )