قائداعظم ٹرافی : لاہور وائٹس کی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز پر آؤٹ۔
ساجد خان کی پانچ اور میر حمزہ کی تین وکٹوں کی عمدہ کارکردگی۔
پشاور کی مجموعی برتری 129 رنز کی ہوگئی ۔
——————————–
ایبٹ آباد 04 دسمبر۔ نوازگوھر
قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے دوسرے میچ کے دوسرے دن پشاور کے کپتان ساجد خان کی پانچ اور میرحمزہ کی تین وکٹوں کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں لاہور وائٹس کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اس طرح اسے115 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں جب دوسرے دن کھیل ختم ہوا تو پشاور کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 14 رنز پر3 وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی اس طرح اسے اب مجموعی طور پر 129 رنز کی برتری حاصل ہے۔
آج پشاور نے اپنی پہلی اننگز 293 رنز7 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور اسکور میں 39 رنز کا اضافہ کرکے 332 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ساجد خان سات چوکوں کی مدد سے43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
لاہور وائٹس کی طرف سے احمد بشیر نے 54 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔نسیم شاہ نے 79 اور عبید شاہ نے 95رنز دے کر دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
لاہور وائٹس کو اپنی اننگز کی ابتدا میں ہی دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جب میر حمزہ نے گوہر حفیظ بٹ کو 5 اور علی زریاب کو 2 رنز پر آؤٹ کردیا۔
عمران ڈوگر 27 رنز بناکر نیاز خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد ساجد خان کی پانچ وکٹوں کی شاندار بولنگ نے لاہور وائٹس کی مشکلات میں اضافہ کردیا ۔
عبید شاہد گیارہ چوکوں کی مدد سے 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سعد نسیم نے 36 رنز بنائے جس میں ایک چوکا اور چار چھکے شامل تھے۔ ساجد خان نے 56رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
میرحمزہ نے 58 رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔نیاز خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اس کی 3 وکٹیں صرف 2 رنز پر گرگئیں۔معاذ صداقت صفر اور عبیداللہ ایک رن بناکر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ وقار احمد کو ایک رن پر احمد بشیر نے آؤٹ کیا۔
کھیل کے اختتام پر پشاور نے 3 وکٹوں پر 14 رنز بنائے تھے۔