قائداعظم ٹرافی : پشاور نے لاہور وائٹس کو 125 رنز سے ہرادیا۔
لاہور وائٹس 257 رنز کے ہدف تک پہنچنے میں ناکام اور 131 رنز پر آؤٹ۔
ساجد خان نے43 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں 10 وکٹیں۔
نیاز خان نے 3 اور میرحمزہ نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
——————————–
ایبٹ آباد 4 دسمبر۔ نوازگوھر
کپتان ساجد خان ۔نیاز خان اور میرحمزہ کی شاندار بولنگ نے پشاور کو لاہور وائٹس کے خلاف 125 رنز سے کامیابی دلادی۔
قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے دوسرے میچ میں لاہور وائٹس کو جیتنے کے لیے 257 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن چار روزہ میچ کے تیسرے دن ہی پوری ٹیم 131 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ساجد خان جنہوں نے پہلی اننگز میں 56 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کرتے ہوئے 43 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں تین وکٹیں حاصل کرڈالی تھیں۔
نیاز خان نےتین اور میرحمزہ نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
لاہور وائٹس ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور اس کی 5 وکٹیں صرف 37 رنز پر گرچکی تھیں جن میں سے تین کو نیاز خان اور دو کو میر حمزہ نے آؤٹ کیا تھا جس کے بعد ساجد خان نے اپنے پہلے ہی اوور میں تین وکٹیں حاصل کرڈالیں۔
کپتان سعد نسیم نے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے اور 24 رنز بنانے والے محمد سلمان کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں 69 رنز کا اضافہ کیا۔ ساجد خان نے نہ صرف یہ شراکت توڑی بلکہ اگلی ہی گیند پر احمد بشیر کو آؤٹ کرکے لاہور وائٹس کی اننگز ختم کردی۔
اس سے قبل پشاور نے اپنی دوسری اننگز 14 رنز پر3 کھلاڑی آؤٹ کی مشکل صورتحال کے ساتھ شروع کی اور وہ 141 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوسکی
جس کا سبب نبی گل کی 12 چوکوں کی مدد سے 83 رنز ناٹ آؤٹ کی ذمہ دارانہ اننگز تھی یہ ان کی اس ٹورنامنٹ میں پہلی نصف سنچری ہے تاہم دوسرے اینڈ سے انہیں کسی بھی بیٹر کی طرف سے مدد نہ مل سکی۔
لاہور وائٹس کی طرف سے محمد سلمان نے 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ احمد بشیر۔ نسیم شاہ اور عبید شاہ نےدو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کا تیسرا اور آخری میچ 27 دسمبر سے سیالکوٹ اور لاہور وائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 2 جنوری سے ہوگا۔