قائداعظم گیمز کے لیے خیبرپختونخوا باکسنگ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ قیوم اسٹیڈیم میں جاری
پشاور:غنی الرحمن
اسلام آباد میں ہونے والے قائداعظم گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں خیبرپختونخوا باکسنگ ٹیم کے کھلاڑی قیوم اسٹیڈیم پشاور میں تربیتی کیمپ میں مصروف ہیں۔ اس کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور انہیں قومی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔
خیبرپختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اور معروف کوچ خیضراللہ خود تربیتی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو جدید تربیتی تکنیکس سے روشناس کروا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ باکسنگ کے کھیل میں تکنیک اور جسمانی فٹنس دونوں انتہائی اہم ہیں، اور اس کیمپ کے ذریعے کھلاڑیوں کو ان دونوں پہلوؤں پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
خیضراللہ نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے باصلاحیت کھلاڑی قائداعظم گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کا نام روشن کریں گے۔
کھلاڑیوں نے بھی تربیتی کیمپ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیضراللہ کی نگرانی اس کیمپ نے ان کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور وہ قومی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
قائداعظم گیمز میں خیبرپختونخوا کی باکسنگ ٹیم کی شرکت نہ صرف صوبے کے کھیلوں کی ترقی کو فروغ دے گی بلکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔