انڈر 19 ون ڈے ایشیا کپ: بنگلہ دیش پاکستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
دبئی: انڈر 19 ون ڈے ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
بنگلہ دیش نے پاکستان کی جانب سے ملنے والا 117 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 23ویں اوور میں بآسانی حاصل کرلیا۔
بنگلہ دیش کی جانے سے کپتان عزیز الحکیم 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد شہاب نے 26 اور زواد ابرار نے 17 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے نوید احمد، عبدالسبحان اور علی رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ درست ثابت ہوا، گرین شرٹس پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور صرف 37 اوورز میں پوری ٹیم 116 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کو کوئی بھی بلے باز بنگلہ دیشی بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔ دونوں اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، گرین شرٹس کے چار کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
گرین شرٹس کی جانب سے فرحان یوسف 32 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد ریاض اللہ 28 اور کپتان سعد بیگ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بولر اقبال حسین رہے جنہوں نے سات اوورز میں 24 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، معروف ماریدھا نے دو، الفہد اور دیباشش نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ؎