بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : یوایم ٹی مارخورز اور اے بی ایل اسٹالیئنز کی کامیابی۔
اے بی ایل اسٹالیئنز کے حسین طلعت کی سنچری اور کپتان محمد حارث کے ساتھ 128 رنز کی شراکت۔
راولپنڈی 7 دسمبر۔ نواز گوھر
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے افتتاحی روز یوایم ٹی مارخورز نے نورپور لائنزکو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ الائیڈ بینک اسٹالیئنز نے لیک سٹی پینتھرز کے خلاف میچ 35 رنز سے جیتا۔
ان میچوں کی خاص بات اسٹالیئنز کے حسین طلعت کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی سنچری تھی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے میچ میں نورپور لائنز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
یوایم ٹی مارخورز نے جواب میں 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
نور پور لائنز کی اننگز میں محمد اویس ظفر 5 چوکوں کی مدد سے40 رنز ناٹ آوٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
سرور آفریدی ۔ نثار احمد اور سعد مسعود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
یوایم ٹی مارخورز کی اننگز میں کپتان افتخار احمد نے2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 42 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔انہوں نے سعد مسعود کے ساتھ ساتویں وکٹ کی شراکت میں 50 رنز کا اضافہ کیا۔
سعد مسعود16 گیندوں پر 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 2 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔فخرزمان نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز بنائے۔ محمد سلمان نے 21 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ سعد مسعود کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دوسرے میچ میں الائیڈ بینک اسٹالیئنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 216 رنز بنائے۔
لیک سٹی پینتھرز جواب میں19.1 اوورز میں 181 رنز بناسکی۔
اے بی ایل اسٹالیئنز کی اننگز کی خاص بات حسین طلعت کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی سنچری تھی جنہوں نے 50گیندوں پر 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
انہوں نے کپتان محمد حارث کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 128 رنز کا اضافہ کیا۔ حارث نے 37 گیندوں پر 55 رنز اسکور کیے جس میں3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
محمد ابتسام نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
لیک سٹی پینتھرز کی اننگز میں حیدرعلی نے 26 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے54 رنز اسکور کیے۔مبصرخان نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
عثمان طارق نے 25 اور محمد علی نے 33 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
حسین طلعت پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔