ملک، وقار، شہزاد/انعام اور میجر سعید/محمد سعید نے آر ایل کے آئی ٹی ایف ماسٹرز ٹائٹلز اپنے نام کر لیے
لاہور: رشید ملک، وقار نثار، شہزاد/انعام الحق اور میجر سعید/محمد سعید نے آر ایل کے آئی ٹی ایف ماسٹرز چیمپئن شپ 2024 کے ٹائٹلز اپنے نام کر لیے۔ یہ مقابلے اسپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی نشتر پارک لاہور میں اختتام پذیر ہوئے۔
سینئرز 60+ سنگلز فائنل میں رشید ملک نے نعمان علیم کو 6-1، 6-2 سے شکست دی۔ سینئرز 65+ سنگلز فائنل کے ایک سنسنی خیز مقابلہ میں وقار نثار نے انعام الحق کو 6-7، 6-3، 10-4 سے شکست دی۔
سینئرز 70+ ڈبلز فائنل میں میجر سعید اور محمد سعید نے صلاح الدین اور ملک امتیاز کو 6-2، 7-5 سے ہرایا۔ سینئرز 40+ ڈبلز فائنل میں شہزاد (پی اے ایف) اور انعام گل نے طلحہ وحید اور اسامہ وحید کو 6-3، 6-1 کے واضح فرق سے شکست دی۔
اختتامی تقریب میں آر ایل کے گروپ کے چیئرمین راشد لطیف مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے جبکہ مسٹر انوش نے مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے تقریب کو رونق بخشی۔
اس موقع پر دیگر نمایاں شخصیات میں کرنل (ر) عاصف دار، کرنل (ر) عارف ملک، حسیب اسلم، نسیم احمد، حسن سعید اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
پی ایل ٹی اے کے سینئر ایگزیکٹو نائب صدر رشید ملک نے آر ایل کے گروپ اور ان کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: “میں حسن سعید کی کاوشوں کو دل سے سراہتا ہوں اور راشد لطیف، چیئرمین آر ایل کے گروپ، کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ٹینس کے کھیل کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت فراہم کی۔”
"میں پنجاب کے وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، سیکرٹری اسپورٹس پنجاب مظفر خان سیال، اور ڈی جی اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب خضر افضال چوہدری اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی کاوشوں کی بدولت یہ آئی ٹی ایف ماسٹرز ایونٹ ایک شاندار کامیابی بن سکا۔”