36 ویں صوبائی سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز
پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)
36 ویں صوبائی سنوکر چیمپئن شپ گزشتہ روز راکٹ سنوکر کلب میں شروع ہوگئی راکٹ سنوکر فیکٹری کے اونر محمد عمران نے مقابلوں کاافتتاح کیا
اس موقع پر ان کے ہمراہ صدر کے پی سنوکر ایسوسی ایشن ذوالفقار بٹ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد عمران نے اعلان کیا کہ ان مقابلوں میں بہترین کھلاڑی کو کے پی سنوکر ایسوسی ایشن کیساتھ مل کر کیو کلب تھائی لینڈ ٹریننگ کے لئے بھجوائیں گے
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں کھلاڑیوں کو مواقع ملنے کی ضرورت ہے اور کے پی سنوکر ایسوسی ایشن تسلسل کیساتھ مقابلوں کا انعقاد کروا کے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کررہی ہے
کے پی سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقار بٹ نے کہا کہ ان مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا قومی مقابلوں کے لئے بھی انتخاب ہوگا چھ کھلاڑی کراچی میں ہونیوالی نیشنل سنوکر چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کریں گے۔