بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : الائیڈ بینک اسٹالیئنز نے نورپور لائنز کو 12 رنز سے ہرادیا

بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : الائیڈ بینک اسٹالیئنز نے نورپور لائنز کو 12 رنز سے ہرادیا۔

حسین طلعت کی نصف سنچری۔
شعیب ملک ، 39 رنز اور 2 وکٹوں کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی

——————————

راولپنڈی 9 دسمبر۔ نوازگوھر

بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے چوتھے میچ میں اے بی ایل اسٹالیئنز نے نورپورلائنز کو 12 رنز سے شکست دے دی۔

یہ اسٹالیئنز کی دوسری کامیابی ہے۔ اس نے پہلے میچ میں لیک سٹی پینتھرز کو 35 رنز سے ہرادیا تھا۔
نورپورلائنز اپنا دوسرا میچ ہاری ہے۔ اسے پہلے میچ میں مارخورز نے چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں لائنز نے ٹاس جیت کر اسٹالیئنز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 162 رنز بنائے۔

لائنز جواب میں 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 150 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

اسٹالیئنز کی دو وکٹیں21 رنز پر گرگئیں جس کے بعد معاذ صداقت اور کپتان محمد حارث تیسری وکٹ کی شراکت میں 41 رنز کا اضافہ کرپائے۔ معاذ صداقت پانچ چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد حارث دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے25 رنز اسکور کرکے آؤٹ ہوئے۔

اسٹالیئنز کی چار وکٹیں66 رنز پر گرچکی تھیں۔پینتھرز کے خلاف سنچری بنانے والے حسین طلعت نے شعیب ملک کے ساتھ ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 88 رنز کا اضافہ کیا۔

حسین طلعت نے پانچ چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ شعیب ملک نے39 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چار چوکے شامل تھے۔

موسیٰ خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

لائنز کی اننگز میں ذیشان ملک ( صفر ) پہلے ہی اوور میں محمد علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد امام الحق اور حسن نواز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 71 رنز کا اضافہ کیا لیکن شعیب ملک اور عثمان طارق کی عمدہ بولنگ نے ان دونوں کے ساتھ ساتھ روحیل نذیر اور اویس ظفر کی وکٹیں حاصل کرڈالیں۔

امام الحق43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 4چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ حسن نواز نے ایک چھکے اور 3چوکوں کی مدد سے 30 رنز اسکور کیے۔ 97 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد خوشدل شاہ اور عامریامین کے درمیان 44 رنز کی شراکت اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔

خوشدل شاہ ، اننگز کے آخری اوور میں28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔عامریامین ایک چھکے کی مدد سے27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

شعیب ملک اور عثمان طارق نے یکساں طور پر 23 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔زمان خان نے دو وکٹوں کے لیے 38 رنز دیے۔ شعیب ملک پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

منگل کے روز اینگرو ڈولفنز اور یوایم ٹی مارخورز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

تعارف: News Editor