شام میں بشار الاسد اقتدار کا خاتمہ، قومی فٹبال ٹیم کی کٹ اور لوگو تبدیل
شام میں صدر بشارالاسد کے اقتدار کے خاتمے اور دمشق پر باغیوں کے قبضے کے بعد شامی فٹبال فیڈریشن نے ملک میں آئی بڑی سیاسی تبدیلی کے بعد قومی فٹبال ٹیم کی کٹ اور لوگو تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شامی فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کی سرخ رنگ کی کٹ کو سبز رنگ میں تبدیل کردیا ہے جو ملک میں آنے والی بڑی سیاسی تبدیلی کی علامت ہے۔
شامی فٹبال فیڈریشن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نئے لوگو کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ یہ لوگو شامی کھیلوں میں اقربا پروری، جانبداری اور بدعنوانی سے پاک پہلی تاریخی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ شامی فٹبال ایسوسی ایشن 1936 میں قائم ہوئی اور اس کے بعد شام کی فٹبال ٹیم نے کئی علاقائی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصّہ لیا جن میں ایشیا کپ اور فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر بھی شامل ہیں۔
ٹیم کو ملک میں سیاسی عدم استحکام اور وسائل کی کمی سے کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، اس کے باوجود 80 اور 90 کی دہائی میں فٹبال ٹیم نے بڑی کامیابیاں سمیٹیں۔