کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ سیزن فور کی ڈرافٹنگ تقریب کا شاندار انعقاد
گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں کرکٹ لیجنڈز،اسپانسرز،ٹیم اونرز اور کھلاڑیوں کی بھر پور شرکت
کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ (KTPL) نے سیزن فور کا آغازکر دیا ہے،سیزن کا آغاز گورنر ہاؤس میں منعقدہ شاندار ڈرافٹنگ تقریب کے ساتھ کیا گیا۔
کلفٹن پاپولر کی ٹیم سیزن فور میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی جس نے سیزن تھری کے فائنل میں ڈی ایچ اے دبنگز کو شکست دی تھی۔ گورنر سندھ، محمد کامران خان ٹیسوری،کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ کے سرپرست ہیں۔
کے ٹی پی ایل کے چیئرمین ذوہیر نصیر نے تقریب میں میں سیزن کے لیے جوش و خروش اور امیدوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی پی ایل سیزن فور بھی ماضی کی طرح شاندار ثابت ہوگا اور شائقین کو جارحانہ،
مسابقتی اوربھر پور ٹیپ بال کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ کرکٹ لیجنڈزاور شارجہ کے ہیرو جاوید میانداد، سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشیداور صادق محمدسمیت اسپانسرز، ٹیم مالکان، مشہور شخصیات اور میڈیا کی بھر پور شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔
سیزن فور میں آٹھ ٹیمیں شامل کی گئی ہیں، جنہیں نمایاں ادارے سپورٹ کر رہے ہیں، کلفٹن پاپولرکے اونر عمران علی روشن، ڈائریکٹر پاپولر گروپ آف انڈسٹریز، ملیر ملنگزکے اونر ظفر عباس، جنرل سیکریٹری جے ڈی سی، جوہر جوانزکے اونر غلام یزدانی، سی ای او چنگان یزدانی موٹرز، ڈی ایچ اے دبنگزکے اونر دانش خان،
سی ای او ڈی کے ایونٹس، نارتھ نوابزکے اونر مالک محمد ذاکر علی، سی ای او انوریکس سولر انرجی، کراچی نائٹس کے اونر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، گلشن گبرو کے اونر شمیم احمد، سی ای او اوساکا لائٹنگ اورلیاری لیجنڈز کے اونر شیراز عمر ہیں۔
کے ٹی پی ایل سیزن فور کا آغاز 14دسمبر کوڈی ایچ اے اسپورٹس کلب معین خان کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جبکہ 29دسمبر کو فائنل کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ ایک اعلیٰ کرکٹ لیگ ہے جو کھیل کے جذبے، مسابقت، اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے وقف ہے۔
یہ لیگ گراس روٹس سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو تفریح فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔