انٹر کالجز گیمز، گورنمنٹ کالج پشاور نے ٹرافی جیت لی
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ)
پشاور یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقدہ انٹر کالجز گیمز کی ٹرافی گورنمنٹ کالج پشاور نے اپنے نام کرلی ، گورنمنٹ کالج پشاور نے 8 میں سے 5 گیمز میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پشاور یونیورسٹی کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے زیراہتمام منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی نیب خیبر پختونخوا وقار احمد چوہان تھے۔ وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قاضی، صدر سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل،
پرنسپل گورنمٹ کالج پشاور پروفیسر ڈاکٹر نادر خان، سکواش کے سابق عالمی چیمپیئن قمر زمان اور ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پشاور یونیورسٹی سے الحاق رکھنے والے کالجز کے درمیان انٹرکالجز گیمز میں 8 گیمز میں پشاور کے تیس کالجز کے دو ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
گورنمنٹ کالج پشاور نے ہینڈ بال، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، والی بال اور ایتھلیٹک میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے مجموعی ٹرافی جیت لی۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف مینجمنٹ سائنس نمبر 1 نے بیڈمنٹن، پوسٹ گریجویٹ ڈیپارٹمنٹ پشاور یونیورسٹی کرکٹ اور فٹبال کے ٹائٹل جیت لئے۔