بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ :
یوایم ٹی مارخورز کی اینگرو ڈولفنز کے خلاف 2 وکٹوں سے کامیابی۔
محمد نواز کی تین وکٹیں اور جیت سے ہمکنار کرنے والے 18 رنز ناٹ آؤٹ۔
خواجہ نافع کے جارحانہ 68 رنز۔
راولپنڈی 10 دسمبر۔ نوازگوھر
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے پانچویں میچ میں یوایم ٹی مارخورز نے اینگرو ڈولفنز کو2 وکٹوں سے شکست دے دی۔اس میچ کی خاص بات خواجہ محمد نافع کی جارحانہ نصف سنچری ، محمد نواز کی تین وکٹوں اور 18 رنز ناٹ آؤٹ کی ذمہ دارانہ اننگز تھی۔
یہ یو ایم ٹی مارخورز کی دوسری کامیابی اور اینگرو ڈولفنز کی دوسری شکست ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں مارخورز نے ٹاس جیت کر ڈولفنز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اووز میں 9 وکٹوں پر 128 رنز بنائے۔
مارخورز نے 129رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ڈولفنز کا آغاز مایوس کن رہا ۔ صاحبزادہ فرحان پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جس کے بعد مرزا طاہر بیگ اور محمد اخلاق اسکور کو 63 تک لے گئے تاہم ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈولفنز مشکل میں آگئی۔
اخلاق نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے40 اور مرزا طاہر بیگ نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ عمرامین 11 رنز بناپائے۔ ان تینوں کو محمد نواز نے آؤٹ کیا۔
ڈولفنز کی آخری سات وکٹیں اسکور میں صرف 38 رنز کے اضافے پر گریں۔ محمد نواز نے 28 رنز دے کر3 اور عاکف جاوید نے 33 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
مارخورز کی اننگز بھی مایوس کن انداز میں شروع ہوئی۔ فخرزمان پہلے ہی اوور میں ثمین گل کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ثمین گل نے محمد شہزاد اور عبدالصمد کی وکٹیں بھی حاصل کیں تو مارخورز کا اسکور تین وکٹوں پر 44 رنز تھا۔ کپتان افتخار احمد 5 اور سرور آفریدی 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
خواجہ محمد نافع جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بناکر قاسم اکرمم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو مارخورز کو چھ اوورز میں جیت کے لیے 27 رنز درکار تھے
اور اس کی چار وکٹیں باقی تھیں لیکن اسکور کے 125 تک آنے پر مزید دو وکٹیں گرچکی تھیں تاہم اس موقع پر محمد نواز 2 چوکوں کی مدد سے 18 رنز بناکر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
پلیئر آف میچ ایوارڈ خواجہ محمد نافع نے حاصل کیا۔
بدھ کے روز نورپور لائنز اور لیک سٹی پینتھرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔