کھیلوں کے میدان آباد رہنا ضروری ہے، ڈی جی نیب وقار احمد
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ)
ڈائریکٹر جنرل نیب وقار احمد چوہان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدانوں کا آباد رہنا ضروری ہے، کھیل میں ہار جیت سے زیادہ اہم چیز کھیلوں کا جاری رہنا ہے۔
آج کل کے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل دور میں جسمانی سرگرمیاں محدود ہو کر رہ گئیں۔ وہ پشاور یونیورسٹی میں انٹرکالجز گیمز کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قاضی، صدر سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل، پرنسپل گورنمٹ کالج پشاور پروفیسر ڈاکٹر نادر خان، سکواش کے سابق عالمی چیمپیئن قمر زمان اور ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم بھی موجود تھے۔
ڈی جی نیب وقار احمد چوہان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں خصوصاً طلباء کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی طرف راغب نہ کیا جائے تو ان کے غلط راستوں پر چل پڑنے کا خدشہ ہوتا ہے،
پشاور یونیورسٹی اور اس کی انتظامیہ اس حوالے سے داد کے مستحق ہیں کہ یہاں طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی بہترین سرگرمیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیز اور کالجز کے ساتھ ساتھ سکولوں کی سطح پر بھی نصاب کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا باقاعدگی سے انعقاد ہونا چاہئے۔