بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : لیک سٹی پینتھرز نے اینگرو ڈولفنز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
وسیم جونیئر کی تین وکٹیں ، عبدالواحد بنگلزئی کی نصف سنچری
————————–
راولپنڈی 16 دسمبر۔ نوازگوھر
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں پیر کے روز کھیلے گئے میچ میں لیک سٹی پینتھرز نے اینگرو ڈولفنز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔یہ پینتھرز کی تیسری کامیابی اور ڈولفنز کی مسلسل پانچویں شکست ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لیک سٹی پینتھرز نے ٹاس جیت کر اینگرو ڈولفنز کو بیٹنگ دی جو20 اوورز میں 9 وکٹوں پرصرف 106 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
پینتھرز نے15 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
ڈولفنز کی ٹیم ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ پہلے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے علی رضا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اگلے ہی اوور میں عماد بٹ نے محمد ہریرہ کو صفر اور عمرامین کو 4 رنز پر آؤٹ کردیا۔
وسیم جونیئر نے اپنے پہلے ہی اوور میں مرزا طاہر بیگ کی وکٹ حاصل کرلی جنہوں نے 19 رنز اسکور کیے۔
31 رنز پر 4 وکٹیں گرجانے کے بعد ڈولفنز بڑے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔کپتان فہیم اشرف 25۔ محمد اخلاق 19 اور قاسم اکرم نے14 رنز بنائے۔
وسیم جونیئر نے28 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عماد بٹ اور عرفات منہاس نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
107 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پینتھرز نے بھی صرف 14 رنز پر تین وکٹیں گنوادیں۔عمرصدیق 5 مبصرخان اور کپتان شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
عبدالواحد بنگلزئی نے 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے دانش عزیز کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 82 رنز کا اضافہ کیا۔
دانش عزیز نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے38 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ عرفات منہاس 2 چوکوں کی مدد سے11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
احسان اللہ اور ثمین گل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ عبدالواحد بنگلزئی پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ کل اے بی ایل اسٹالیئنز کا مقابلہ نورپور لائنز سے ہوگا۔