ٹی 10 باؤلرز کے لئے مشکل اور چیلنجنگ فارمیٹ ہے، چرتھ اسلانکا
پالے کیلے ; سری لنکا کے بلے باز چرتھ اسلانکا نے کہا ہے کہ کھیل کا مختصر ترین فارمیٹ گیند بازوں کے لئے یقینی طور پر ایک چیلنج ہے۔ وہ سری لنکا ٹی 10 سپر لیگ میں جافنا ٹائٹنز کا حصہ ہیں،
انہوں نے کہا کہ ٹی 10 میں بولنگ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ایک گیند باز کو صرف دو اوور ملتے ہیں اور یہ اس کے لئے مشکل ہوجاتا ہے۔ تاہم یہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ آپ اس مخصوص دن پر کس طرح کھیل رہے ہیں کیونکہ کبھی کبھی گیند بازوں کو پچ سے کچھ مل جاتا ہے۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ بلے باز کے طور پر رنز بنانا کامیابی کی ضمانت ہے چاہے وہ کھیل کی کوئی بھی شکل کیوں نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہاں اپنی ٹیم کے لئے رنز بنانے آئے ہیں اور یہ ہمارا کام ہے اور ہر کوئی ہم سے یہی توقع کررہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ فارمیٹ سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں رنز بنانے ہوں گے۔
ٹائٹنز کے یونٹ میں ڈیوڈ ویز اور کوشل مینڈس جیسے کچھ نمایاں نام ہیں اور اسلانکا کی رائے ہے کہ یہ نوجوانوں کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کا ایک بہترین موقع ہے۔