پاکستانی ایم ایم اے اسٹارز کا کراچی ایئرپورٹ پر شاندار استقبال
کراچی : پاکستان کی اسپورٹس کمیونٹی نے آج شام ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن 2024 محمد ثاقب اور پاکستان کی پہلی خاتون ایم ایم اے انٹرنیشنل ریفری محترمہ اسرا وسیم کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا۔
اس موقع پر مداحوں، اسپورٹس حکام اور دیگر سپورٹرز نے ان کا پرجوش خیرمقدم کیا۔ ان کی غیر معمولی کامیابیوں کو ملک کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے ان کا بھرپور خیرمقدم کیا۔
پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PMMAF) کے صدر، جناب ذوالفقار علی نے فیڈریشن کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:
“ہم نے ہمیشہ اپنی ٹیموں کو تربیت اور سپورٹ فراہم کی ہے اور ایشین اور ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہمارے ایتھلیٹس، جیسے محمد ثاقب، داؤد، اور اب ہماری پہلی خاتون ایم ایم اے ریفری، اسرا وسیم، بہترین کارکردگی کی مثال ہیں۔ یہ نہ صرف کھلاڑی ہیں بلکہ قومی ہیروز ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ فیڈریشن اپنے ایتھلیٹس اور آفیشلز کی مکمل سپورٹ جاری رکھے گی، خاص طور پر ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ 2025 کے لیے جو جون میں برازیل میں منعقد ہوگی۔
“ہم اپنے ایتھلیٹس اور آفیشلز کو آئندہ ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ 2025 میں کامیابی حاصل کرنے کے تمام مواقع فراہم کریں گے۔ PMMAF پاکستان میں ایم ایم اے کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور کامیابیوں کی ایک مضبوط میراث قائم کر رہا ہے۔”
آخر میں، جناب ذوالفقار علی نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:
“میڈیا ہمارے قومی ہیروز کو اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہم ان کے تعاون اور ہمارے چیمپئنز کو دی جانے والی توجہ کے لیے ان کے مشکور ہیں۔”
محمد ثاقب اور اسرا وسیم کی آمد پاکستان کی ایم ایم اے ھسٹری میں ایک نیا باب ہے، جو بے شمار ایتھلیٹس کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دے رہا ہے اور ملک کے ابھرتے ہوئے اسپورٹس اسٹارز کو عالمی سطح پر پہچان دلا رہا ہے۔