بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : یوایم ٹی مارخورز نے اینگرو ڈولفنز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
فاتح ٹیم کے فخرزمان اور خواجہ نافع کی نصف سنچریاں اور اوپننگ سنچری پارٹنرشپ ،
پلیئر آف دی میچ نثار احمد کی چار وکٹیں۔
——————————
راولپنڈی 18 دسمبر۔ نوازگوھر
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں بدھ کے روز کھیلے گئے میچ میں یو ایم ٹی مارخورز نے اینگرو ڈولفنز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں مارخورز کی پانچویں کامیابی ہے اس طرح وہ دس پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہوگئی ہے۔ دوسری جانب ڈولفنز کو لگاتار چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مارخورز نے ٹاس جیت کر ڈولفنز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔
وقار احمد نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے55 رنز اسکور کیے۔ قاسم اکرم نے 31 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور3 چوکے شامل تھے۔
نثار احمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فخرزمان اور خواجہ نافع کی 113 رنز کی اوپننگ شراکت نے مارخورز کے لیے ہدف تک پہنچنا آسان کردیا۔اس نے140 رنز کا ہدف 14.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
فخرزمان نے ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کیے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے۔
خواجہ نافع نے66 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
کپتان افتخار احمد ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ نثار احمد کو ان کی عمدہ بولنگ پر پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
کل نورپور لائنز اور لیک سٹی پینتھرز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔