بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : نورپورلائنز نے لیک سٹی پینتھرز کو 8 رنز سے ہرادیا۔
پلیئر آف دی میچ شرون سراج کی تین وکٹیں۔ امام الحق کی نصف سنچری۔
—————————————————–
راولپنڈی 20 دسمبر۔ نوازگوھر
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں نورپور لائنز نے لیک سٹی پینتھرز کو 8 رنز سے شکست دے دی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں لائنز کی چوتھی کامیابی اور پینتھرز کی چوتھی شکست ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پینتھرز نے ٹاس جیت کر لائنز کو پہلے بیٹنگ دی ۔ لائنز 19.2 اوورز میں 160 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
حسن نواز اور کپتان امام الحق نے ٹیم کو 85 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔
حسن نواز اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں 3 چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ٹورنامنٹ میں ان کے مجموعی رنز کی تعداد 285ہوگئی ہے جو حسین طلعت کے 293 رنز کے بعد دوسرا نمبر ہے۔
امام الحق نے 57 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 8چوکے شامل تھے تاہم ان دونوں کے بعد کوئی بھی بیٹر قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکا جس کی وجہ لیگ اسپنر اسامہ میر کی عمدہ بولنگ تھی جنہوں نے23 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد وسیم جونیئر نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
جواب میں پینتھرز کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 152 رنز بناسکی۔ عمر صدیق 38 حیدرعلی15 ۔ شاداب خان 4 اور عبدالواحد بنگلزئی 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دانش عزیز38 ناٹ آؤٹ اورعماد بٹ 16 ناٹ آؤٹ کی کوششیں اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں۔
شرون سراج نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس عمدہ کارکردگی پر وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
کل دو میچز کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ اے بی ایل اسٹالیئنز اور یوایم ٹی مارخورز کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں اینگرو ڈولفنز اور نورپور لائنز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔