چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کا 76 واں اجلاس۔
محسن نقوی نے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق گورننگ بورڈ کو اعتماد میں لیا۔
اسلام آباد 20 دسمبر۔ نوازگوھر
پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا 76 واں اجلاس اسلام آباد میں پی سی بی کے چیرمین محسن نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئ۔اجلاس کے شرکاء کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا۔ گورننگ بورڈ کے اراکین نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کوسراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ پہلے دن سے ہی پاکستان اور کرکٹ کی جیت کی بات کررہے ہیں اور پی سی بی چیمپینز ٹرافی کے انعقاد کے لیے ہر طرح سے پر تیار ہے اور اس ایونٹ کی تیاریاں بھی مکمل ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے اصولی مؤقف کو ہر کسی نے سراہا ہے۔چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی عزت ہے اس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔تمام ٹیموں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ، تمام ٹیموں کو اپنے گراؤنڈز پر کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ میں سیاست کے خلاف ہیں۔ یہ کھیل ہے جس سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں اور کھیل کو کھیل رہنا چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کا کام مکمل ہو جائے گا۔ پوری ٹیم دن رات اسٹیڈیمز کی تعمیر نو پر محنت سے کام کر رہی ہے۔
گورننگ بورڈ کو قذافی ا سٹیڈیم نیشنل اسٹیڈیم اور راولپنڈی اسٹیڈیم کی تعمیر نو پر ہونے والی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی گئی۔
گورننگ بورڈ نے اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کے کام پر اطمینان کا اظہارکیا۔ اجلاس میں گورننگ بورڈ کے اراکین۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد۔ چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی ۔ پی ایس ایل کے سربراہ سلمان نصیر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔