بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : الائیڈ بینک اسٹالیئنز اور نور پور لائنز کی کامیابی۔
لائنز کے آفاق آفریدی کی ہیٹ ٹرک پانچ وکٹیں حاصل کیں
اسٹالیئنز۔ مارخورز اور لائنز پوائنٹس ٹیبل پر دس دس پوائنٹس کےساتھ سرفہرست۔
————————————-
راولپنڈی 20 دسمبر۔ نوازگوھر
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں جمعہ کو کھیلے گئے میچوں میں الائیڈ بینک اسٹالیئنز نے یو ایم ٹی مارخورز کو 29 رنز سے ہرادیا جبکہ نورپور لائنز نے اینگرو ڈولفنز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
آج کے میچوں کے اختتام پر اسٹالیئنز مارخورز اور لائنز کے دس دس پوائنٹس ہیں جبکہ لائنز بہتر نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے سر فہرست ہیں۔
کل لیگ میچوں کے آخری دن دو میچز کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ یوایم ٹی مارخورز اور لیک سٹی پینتھرز کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں اینگرو ڈولفنز کی ٹیم اے بی ایل اسٹالیئنز کا سامنا کرے گی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں مارخورز نے ٹاس جیت کر اسٹالیئنز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 147 رنز بنائے۔ شعیب ملک 27 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔معاذ صداقت اور تیمور خان نے بیس بیس رنز اسکور کیے۔
عاکف جاوید ۔بلاول بھٹی اور زاہد محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں مارخورز کی ٹیم 18.3 اوورز میں 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ایک موقع پر اس کی7 وکٹیں صرف37 رنز پر گرگئی تھیں ۔فخرزمان ایک، کپتان افتخار احمد صفر محمد نواز صفر اور عبدالصمد صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
سعد مسعود اور نثار احمد نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔ سعد مسعود نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے38 رنز بنائے۔ نثار احمد نے22 رنز اسکور کیے جس میں2 چھکے شامل تھے۔
محمد علی نے 13 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ جہانداد خان نے9 رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جہانداد خان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
دوسرے میچ میں اینگرو ڈولفنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن وہ 16 اوورز میں صرف 71 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ وقار احمد 16 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے
آفاق آفریدی اور موسیٰ خان نے شاندار بولنگ کی ۔ آفاق آفریدی نے جو اس ٹورنامٹ میں پہلا میچ کھیل رہے تھے 18 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے انہوں نے لگاتار گیندوں پر فہیم اشرف ۔عباس آفریدی اور شایان شیخ کو آؤٹ کیا۔۔ یہ اس ٹورنامنٹ کی بہترین بولنگ بھی ہے۔
موسیٰ خان نے 14 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ وہ ابتک 16 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ نور پور لائنز نے 72 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فہیم اشرف کے پہلے ہی اوور میں حسن نواز اور شرون سراج کی وکٹیں گنوائیں تاہم اس کے بعد عمیر بن یوسف اور محمد طحہ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 66 رنز کا اضافہ کیا۔
عمیر بن یوسف 6 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ محمد طحہ4 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
لائنز نے9 اوورز میں مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ آفاق آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔