نیشنل ویمن ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل کل ہو گا
راولپنڈی، 21 دسمبر 2024 ;
نیشنل ویمن و ن ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ کانکرز اور اسٹارز کے درمیان ہو گا۔ فائنل میچ 45 اوورز پر مشتمل ہو گا۔ فائنل میچ کا ٹاس 9 بجے ہو گا۔
فائنل مقابلہ جیتنے والی ٹیم 1.5 ملین روپوں کی حقدار ہو گی اور رنر اپ ٹیم کو 1 ملین روپوں کی انعامی رقم ملے گی۔
میچ پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر لائیو سٹریم کیا جائے گا جبکہ بال بائی بال کوریج پی سی بی کی کارپوریٹ ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی۔
فاطمہ ثناء کی زیرقیادت کانکرز کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے ۔ کانکرز اور سدرہ امین کی زیرقیادت اسٹارز ٹورنامنٹ میں دو بار ایک دوسرے کے خلاف آ چکے ہیں، دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیت رکھا ہے ۔
14 دسمبر کو راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں، نشرہ سندھو اور سیدہ عروب شاہ کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے کانکرز کی ٹیم نے48 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
بیٹنگ میں اسٹارز کی سدرہ امین صف اول میں ہیں کیونکہ اس نے آٹھ میچوں میں 254 رنز بنائے ہیں، جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں ۔
باؤلنگ چارٹ میں رامین شمیم (آٹھ میچز، 18 وکٹیں) اور طوبہ حسن (آٹھ میچز، 16 وکٹیں) ٹورنامنٹ کے ٹاپ چار باؤلرز میں شامل ہیں۔
کانکرز کی کپتان فاطمہ نے ٹورنامنٹ میں آل راؤنڈ کارکردگی پیش کی۔ انھوں نے آٹھ میچوں میں 225 رنز بنائے ہیں، جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ انھوں نے آٹھ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
دائیں ہاتھ کی بلے باز حفصہ خالد ایک اور بلے باز ہیں جن پر کانکرز کا انحصار ہو گا۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے آٹھ میچوں میں 217 رنز بنائے جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔
باؤلنگ میں کانکرز کی باؤلرز نشرا سندھو اور ماہنور آفتاب نے بالترتیب 17 اور 13 وکٹیں حاصل کیں۔
فاطمہ ثنا اور سدرہ امین نے پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا
فاطمہ ثناء:
ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے اور اب ہم واقعی فائنل میں اچھی کارکردگی کا پیش کرنے کے منتظر ہیں۔
ہم نے ٹورنامنٹ میں جیتنے کا مومنٹم برقرار رکھا ہے ، اور اب ٹرافی جیتنے سے ایک قدم دور ہے، ہم فائنل کے بارے میں زیادہ نہیں سوچیں گے اور اسے ایک عام میچ کے طور پر لیں گے۔
سدرہ امین کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹورنامنٹ میں ایک اچھی شروعات کی تھی، لیکن ٹورنامنٹ کے درمیان ہمیں کچھ سخت مقابلے دیکھنے کو ملے ، اب یہ ضروری ہے کہ ہم ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
ہماری حریف ٹیم کانکرزنے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور فائنل میچ ایک بہترین مقابلہ ہوگا۔