پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آخری ون ڈے میچ کل (اتوار) کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ کھیلنے کے لئے جوہانسبرگ پہنچ گئی ہے۔
پاکستانی ٹیم کی جنوبی افریقہ کو کلین سویپ کرنے کی پوری تیاری ہے جبکہ پروٹیز بھی آخری میچ جیتنے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔
پاکستان کو تینوں میچ کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، میچ کل 22 دسمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے سے قبل جنوبی افریقہ کے اوٹنیل بارٹمین دائیں گھٹنے میں تکلیف کے باعث پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے سے باہر ہوگئے۔
اوٹنیل بارٹ مین، اسپنر کیشو مہاراج کے بعد رواں ون ڈے سیریز میں ٹیم سے باہر ہونے والے دوسرے پروٹیز باؤلر ہیں جب کہ رواں موسم گرما میں ان فٹ ہوکر ٹیم سے باہر ہونے والے چھٹے فاسٹ باؤلر ہیں،
ان سے قبل گیرالڈ کوٹزی، وآن ملڈر، لنگی نگیڈی، لزاڈ ولیمز اور اینرچ نویکیا پہلے ہی فٹنس مسائل کے باعث ٹیم سے دور ہیں۔
پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے کوربن بوش کو بارٹ مین کی جگہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، وہ باکسنگ ڈے پر پاکستان کے خلاف شروع ہونے والے میچ میں اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کرنے کے منتظر ہیں