بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : الائیڈ بینک اسٹالیئنز فائنل میں پہنچ گئی۔
یوایم ٹی مارخورز اور نورپور لائنز کوالیفائر میں مدمقابل ہونگی۔
————————————-
راولپنڈی 21 دسمبر۔ نواز گوھر
الائیڈ بینک اسٹالیئنز کی ٹیم بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔
اس نے اور یوایم ٹی مارخورز نے لیگ میچوں میں بارہ بارہ پوائنٹس حاصل کیے تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر الائیڈ بینک اسٹالیئنز نے فائنل میں جگہ بنالی۔
اس طرح دوسرے نمبر پر آنے والی یو ایم ٹی مارخورز اور تیسرے نمبر پر آنے والی نورپور لائنز 23 دسمبر کو ہونے والے کوالیفائر میں مدمقابل ہوں گی۔ کوالیفائر جیتنے والی ٹیم 25 دسمبر کو ہونے والے فائنل میں الائیڈ بینک اسٹالیئنز کا سامنا کرےگی۔
ہفتے کے روز لیگ مرحلے کے آخری دو میچوں میں یو ایم ٹی مارخورز نے لیک سٹی پینتھرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی، جبکہ الائیڈ بینک اسٹالیئنز نے بھی اینگرو ڈولفنز کو6 وکٹوں سے ہرادیا ۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں مارخورز نے ٹاس جیت کر پینتھرز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز اسکور کیے۔
عمرصدیق نے2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 رنز اسکور کیے۔ عرفات منہاس نے 34 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور 3 چوکے شامل تھے۔ عمران جونیئر نے 35 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں مارخورز نے 13.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ عمران رندھاوا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے69 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
عبدالصمد نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 9 گیندوں پر 34رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ان کی اننگز میں5 چھکے شامل تھے۔ عمران رندھاوا اور عبدالصمد کی ناقابل شکست شراکت میں 65 رنز بنے۔
فخرزمان نے 49 رنز اسکور کیے جس میں 7چوکے اور2 چھکے شامل تھے۔ عمران رندھاوا پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
دوسرے میچ میں الائیڈ بینک اسٹالیئنز نے اینگرو ڈولفنز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ڈولفنز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے131 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔قاسم اکرم 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
محمد علی نے 15 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔حسین طلعت نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسٹالیئنز نے مطلوبہ اسکور14 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
کپتان محمد حارث 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد علی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔