اسلام آباد میں لیکروس ایسوسی ایشن اور نیشنل اکیڈمی کا قیام
اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)
پاکستان لیکروس فیڈریشن کے زیراہتمام اسلام آباد میں لیکروس ایسوسی ایشن اور نیشنل اکیڈمی کاقیام عمل میں لایاگیا، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی جاپان کے ڈپٹی چیف آف مشن تاکانوشوئیچی تھے
جبکہ جاپان ایمبیسی کے قونصلر تاکانے کازوماسا ، ثقافتی مشیررافع حلیم، پاکستان لیکروس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل انجینئر طیفور زرین، ایف سی ای کے اسسٹنٹ پروفیسر زحامد، عروج جہانگیر،دیگر فیکلٹی ممبران،
اسلام آباد لیکروس کے فنانس سیکرٹری عرفان خان ودیگر عہدیداران اورسنیئر پلیئرزگل پری، سویراخان، فوزیہ پروین، مقدس اوردیگرآفیشلز بھی موجودتھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان لیکروس فیڈریشن(پی ایل ایف)کے زیراہتمام فیڈرل کالج آف ایجوکیشن ایچ نائن اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقدکی گئی جس میں اسلام آباد لیکروس ایسوسی ایشن اور اکیڈمی کے قیام کے ساتھ کھلاڑیوں کو اس کھیل کے حوالے سے ٹریننگ ورکشاپ کرائی گئی۔
اس موقع پر جاپان لیکروس ایسوسی ایشن نے سپورٹس ڈپلومیسی پروگرام کے تحت پاکستان لیکروس فیڈریشن کو لیکروس کا سامان عطیہ کیا جبکہ فیڈریشن کی جانب سے اسلام آباد لیکروس ایسوسی ایشن اور ایف سی ای کو سامان فراہم کیاگیا۔
اس موقع پر جاپان کے ڈپٹی چیف آف مشن تاکانو شوئیچی نے پاکستان میں لیکروس کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایل ایف نے ایک سال کے دوران 150 سے زیادہ سرگرمیاں اور دو قومی چیمپئن شپس منعقد کرکے پاکستان لیکروس کو ایشیاء میںمنفرد مقام پر پہنچادیا جس کے نتائج بہت جلد انٹرنیشنل میڈلز کی صورت میں آئیں گے۔
انہوں نے سپورٹس ڈپلومیسی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جاپان اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کی تعریف کی اور یقین دہانی کرائی کہ جاپان لیکروس کے فروغ میں اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گا۔
فیڈرل کالج آف ایجوکیشن (ایف سی ای) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیعہ رحمان ڈوگر نے لیکروس اکیڈمی کے قیام کو سراہا اور اس کی ترقی میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
انجینئر طیفور زرین نے جاپان لیکروس ایسوسی ایشن، جاپانی سفارت خانہ اور ایف سی ای انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔