بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : یو ایم ٹی مارخورز فائنل میں پہنچ گئی

بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ : یو ایم ٹی مارخورز فائنل میں پہنچ گئی۔

کوالیفائر میں نورپور لائنز کو 29 رنز سے شکست۔

فخرزمان کے 5 چھکوں اور9 چوکوں کی مدد سے 89 رنز ۔
فائنل میں یو ایم ٹی مارخورز کا مقابلہ الائیڈ بینک اسٹالیئنز سے ہوگا۔
————————————-

راولپنڈی 23 دسمبر۔ نوازگوھر

یو ایم ٹی مارخورز نے بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے کوالیفائر میں نورپور لائنز کو 29 رنز سے شکست دے دی۔

اس طرح 25 دسمبر کو ہونے والے فائنل میں یو ایم ٹی مارخورز کا مقابلہ الائیڈ بینک اسٹالیئنز سے ہوگا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر کے روز کھیلے گئے کوالیفائر میں لائنز نے ٹاس جیت کر مارخورز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 180 رنز بنائے۔

لائنز جواب میں 9 وکٹوں پر151 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

مارخورز کی اننگز میں فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 64 گیندوں پر 89 رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور5 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں مجموعی طور پر 47 ویں نصف سنچری تھی۔

آفاق آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ابتدائی تین بیٹرز خواجہ نافع ( صفر ) محمد فیضان ( صفر ) اورعمران رندھاوا ( ایک ) کی وکٹیں حاصل کرڈالی تھیں۔

یاد رہے کہ آفاق آفریدی نے ڈولفنز کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں جن میں چار گیندوں پر چار وکٹیں بھی شامل تھیں۔

مارخورز کی مشکلات اسوقت بڑھ گئیں جب شہاب خان نے کپتان افتخار احمد ( 14 ) اور محمد نواز ( 10) کی وکٹیں حاصل کرڈالیں اسوقت مجموعی اسکور5 وکٹوں پر 88 رنز تھا۔

فخرزمان اور عبدالصمد نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 82 رنز کا اضافہ کیا۔ عبدالصمد نے 41 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ آفاق آفریدی نے29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شہاب خان نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

لائنز نے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف9 رنز پر امام الحق اور عمیر بن یوسف کی وکٹیں گنوادیں جس کے بعد حسن نواز اور محمد طحہ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ کیا

لیکن حسن نواز 27 اور محمد طحہ 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو میچ پر مارخورز کی گرفت مضبوط ہوتی چلی گئی۔آنے والے بیٹرز میں روحیل نذیر 12 ۔ شہاب خان4 عامر یامین صفر شاہد عزیز4 اور خوشدل شاہ 8 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

عاکف جاوید نے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نثار احمد نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ فخر زمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

error: Content is protected !!