جنوبی افریقہ کیخلاف شاندار فتح سے قومی ٹیم کا مورال بڑھے گا ; محسن نقوی
جنوبی افریقہ کیخلاف فتح سے ٹیم کا مورال بڑھے گا: محسن نقوی
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کرنے پر قومی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ویلڈن گرین شرٹس ویلڈن ! قومی ٹیم کو تیسرا ون ڈے میچ جیتنے اور جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صائم ایوب نے ایک بار پھر اپنی کلاس ثابت کی اور سنچری سکور کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا، محمد رضوان اور بابر اعظم نے اچھی بیٹنگ کی جبکہ سفیان مقیم نے عمدہ باؤلنگ کرکے قوم کے دل جیت لیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم ورک کا نتیجہ شاندار کامیابی کی صورت میں سامنے آیا، پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی پُراعتماد نظر آئے، کھلاڑی جذبے اور محنت سے کھیلے، اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بڑھے گا اور چیمپئنز ٹرافی میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی ہی کارکردگی دکھائے گی۔