جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے قومی پلینگ الیون کا اعلان
پاکستان ٹیم چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل سے سنچورین میں شروع ہوگا۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل پر جنوبی افریقہ پہلے اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور حالیہ ون ڈے سیریز جیتنے سے ہمیں اعتماد ملا ہے۔ کپتان شان مسعود۔
جنوبی افریقہ کی سخت کنڈیشنز میں بڑی کامیابی کے لیے پرعزم ہیں۔ شان مسعود۔
سنچورین 25 دسمبر، 2024۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کےدرمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز جمعرات سے شروع ہورہی ہے۔
پہلا ٹیسٹ سنچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں کھیلا جانے والا باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ ہوگا۔
دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقہ کے اس دورے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو صفر سے شکست ہوئی تھی لیکن اس نے ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقہ کی سرزمین پر تین صفر کا تاریخی وائٹ واش کیا
جس کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی یہ سیریز بھی دلچسپ اور سخت ہوگی۔
پاکستان ٹیم نے اپنی آخری ٹیسٹ سیریز شان مسعود کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف دو ایک سے جیتی ہے۔
پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کے ارکان 13 دسمبر کو جنوبی افریقہ پہنچے تاکہ اچھی تیاری اور مقامی حالات سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے
جنہوں نے آخری بار پاکستان کے لیے اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کھیلا تھا۔ انہوں نے اس سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے پانچ میچوں میں 31وکٹوں کی عمدہ پرفارمنس کی وجہ سے ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنائی ہے۔
انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ہوم ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر خرم شہزاد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
عاقب جاوید پاکستان مینز ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ ہیں اور گزشتہ ماہ زمبابوے کے خلاف وائٹ بال سیریز میں چارج سنبھالنے کے بعد یہ ان کی پہلی ریڈ بال سیریز ہوگی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ 1995 سے اب تک بارہ ٹیسٹ سیریز کھیل چکے ہیں جن میں سے سات میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دو میں پاکستان فتح یاب ہوا ہے۔ تین سیریز ڈرا ہوئی ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان حالیہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے جنوری فروری 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو صفر سے کامیابی حاصل کی تھی
پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہم جنوبی افریقہ کے خلاف خود کو جانچنے کے لیے بے تابی سے منتظر ہیں جو ہمیشہ سے دنیا کی سرفہرست ٹیموں میں سے ایک رہی ہے۔
ہمیں انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز اور حالیہ ون ڈے سیریز سے کچھ مومینٹم ملا ہے جس میں ہمارے ٹیسٹ اسکواڈ کے متعدد اراکین شامل تھے۔
تیز بولرز خرم شہزاد اور محمد عباس کی واپسی خوش آئند ہے۔ ہم جنوبی افریقہ میں بڑی کامیابیوں کے لیے پرعزم ہیں جو حریف ٹیموں کے لیے چند انتہائی سخت کنڈیشنز میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔
ہم جانتے ہیں کہ جنوبی افریقہ نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ہم نے کم از کم دو ہفتے قبل یہاں پہنچنے کے بعد اس سیریز کے لیے بہترین انداز میں تیاری کی ہے۔
پاکستان ٹیسٹ سکواڈ: شان مسعود (کپتان) سعود شکیل (نائب کپتان) عامر جمال، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، حسیب اللہ (وکٹ کیپر) کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر ) نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا۔