قائداعظم ٹرافی سہ فریقی مرحلہ : سیالکوٹ نے لاہور وائٹس کے خلاف پہلے دن 4 وکٹوں پر336 رنز بنالیے۔
اذان اویس اور عاشر محمود کی سنچریاں اور تیسری وکٹ کے لیے 214 رنز کی شراکت۔
کراچی 27 دسمبر۔ نوجوان اذان اویس اور عاشر محمود کی شاندار سنچریوں کی بدولت سیالکوٹ نے قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے آخری میچ کے پہلے دن لاہور وائٹس کے خلاف 4 وکٹوں پر 336 رنزبناڈالے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں سیالکوٹ کے کپتان عماد بٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد ہریرہ چار چوکوں کی مدد سے 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فہد جمیل نے 23 رنز اسکور کیے۔
87 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد اذان اویس اور عاشر محمود نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 214 رنز کا اضافہ کیا۔
اذان اویس نے ٹورنامنٹ میں تین ہندسوں کی تیسری اننگز کھیلی۔ وہ کھیل کے اختتام پر 18 چوکوں کی مدد سے 163رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔انہوں نے اس سے قبل ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف 130 رنز اور سہ فریقی مرحلے میں پشاور کے خلاف 203 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
عاشر محمود ایک چھکے اور8 چوکوں کی مدد سے101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ ان کی دوسری سنچری ہے۔اس سے قبل انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف172 رنز اسکور کیے تھے۔
سید حکمت اللہ لاہور وائٹس کے ابتک کامیاب بولر رہے ہیں جنہوں نے 61 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
سہ فریقی مرحلے میں یہ سیالکوٹ کا دوسرا میچ ہے ۔ پہلے میچ میں اس نے پشاور کو اننگز اور57 رنز سے ہرایا تھا۔
پشاور نے لاہور وائٹس کو 125 رنز سے شکست دی تھی