قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ اختتام پذیر
بوائز سنگلز انڈر 17 خیبرپختونخوا کے حماد اللہ نے پنجاب کے محمد سلیمان کو ہرایا،
گرلز سنگلز آرمی کی ثروت فاطمہ کے نام رہا
ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے
لاہور ; جونیئر بیڈمنٹن نیشنل چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے.
تفصیلات کے مطابق جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ہونیوالی جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کی اختتامی
روز بوائز سنگلز انڈر 17 فائنل میں خیبرپختونخوا کے حماد اللہ نے پنجاب کے محمد سلیمان کو21-19 ،21-10 سے ہرا دیا،
گرلز سنگلز انڈر 17 فائنل آرمی کی ثروت فاطمہ نے پنجاب کی رومیسا فیصل کو 21-14 ،21-19 سے ہرایا، مینز سنگلز انڈر 19 میں پنجاب کے محمد احمد گجر نے خیبرپختونخوا کے محمد حاشر کو 21-9،21-5 سے شکست دے دی،
وومن سنگلز انڈر 19 میں آرمی کی عمارہ اشتیاق نے پنجاب کی کنزالایمان کو 21-7،21-17سے ہرادیا، وومن ڈبلز انڈر 19 میں پنجاب کی طیبہ شفیق اور کنزالایمان نے سندھ کی مریم حنیف اور مریم حمزہ کو 23-21،21-12سے شکست دے دی،
مینز ڈبلز انڈر 19 کا فائنل خیبرپختونخوا نے جیتا، بوائز سنگلز انڈر15فائنل میں خیبرپختونخوا کے عبداللہ نے کے پی کے کے محمد ایان کو 15-21،21-11،21-11سے شکست دی۔
اختتامی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے کہا ہے کہ جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور تمام ونر اور رنراپ کھلاڑیوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں،
جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے چیمپئن شپ کے انعقاد کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کیا ہے، بیڈمنٹن فیڈریشن اور ایسوسی ایشن نے چیمپئن شپ کے انعقادکیلئے بہترین کام کیا،
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے تمام جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ہیں۔
اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن سے ادریس حیدر خواجہ اور سیکرٹری پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن طیب سہیل موجود تھے.