قائداعظم ٹرافی سہ فریقی مرحلہ : لاہور وائٹس کو سیالکوٹ پر 163 رنز کی برتری۔
علی زریاب آصف کی ڈبل سنچری ، عبیدشاہد کی سنچری
کراچی 29 دسمبر، 2024۔
قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے آخری میچ میں لاہور وائٹس نے اپنے بیٹرز کی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں سیالکوٹ کے خلاف پہلی اننگز میں 163 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں چار روزہ میچ کے تیسرے روز لاہور وائٹس نے سیالکوٹ کے465 رنز کے جواب میں 9 وکٹوں پر 628 رنز بنالیے تھے۔
علی زریاب آصف نے ڈبل سنچری اسکور کی جبکہ عبید شاہد نے اپنی پہلی فرسٹ کلاس سنچری اسکور کی۔
گزشتہ روز عمران ڈوگر نے بھی سنچری اسکور کی تھی۔
لاہور وائٹس نے 240 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی۔علی زریاب آصف جو گزشتہ روز 91 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے23 چوکوں کی مدد سے 202 رنز بناکرناٹ آؤٹ ہیں۔
یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی آٹھویں سنچری ہے۔
وہ 107 کے اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تھے تاہم محمد اخلاق( 19 ) طیب طاہر ( 47 ) سعد نسیم ( 13) اور محمد وحید ( 1 ) کے آؤٹ ہونے کے بعد وہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے آئے تھے۔
سترہ سالہ عبید شاہد نے 16 چوکوں کی مدد سے 121 رنز اسکور کیے۔
سیالکوٹ کی طرف سے نو بولرز آزمائے گیے جن میں لیفٹ آرم اسپنر شاہ زیب بھٹی 232 رنز دے کر 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب رہے۔