قائداعظم ٹرافی کا فائنل سیالکوٹ اور پشاور کے درمیان2 جنوری سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔
سیالکوٹ اور لاہور وائٹس کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔
سیالکوٹ کی دوسری اننگز میں اذان اویس کی سنچری۔
اذان اویس نے پہلی اننگز میں بھی سنچری اسکور کی تھی۔
سیالکوٹ کے شاہ زیب بھٹی کی پانچ وکٹیں ۔
قائداعظم ٹرافی سہ فریقی مرحلہ : سیالکوٹ اور لاہور وائٹس کا میچ ڈرا۔
اذان اویس کی دوسری اننگز میں بھی سنچری۔
فائنل سیالکوٹ اور پشاور کے درمیان کھیلا جائے گا۔
کراچی 30 دسمبر، 2024
سیالکوٹ اور لاہور وائٹس کے درمیان قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کا آخری میچ ڈرا ہوگیا۔ اس طرح 2 جنوری سےکراچی میں ہونے والے فائنل میں سیالکوٹ اور پشاور کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔
پیر کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں چار روزہ میچ کے آخری دن سیالکوٹ نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 260 رنز بنائے تھے اس طرح اسے لاہور وائٹس پر86 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
سیالکوٹ کی دوسری اننگز کی خاص بات نوجوان بیٹر اذان اویس کی سنچری تھی۔ انہوں نے میچ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔انہوں نے پہلی اننگز میں 168رنز اسکور کیے تھے۔
اذان اویس نے محمد ہریرہ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تو سیالکوٹ کو پہلی اننگز کے174 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔ وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے سیالکوٹ کے لیے میچ بچانا مشکل ہوتا چلا گیا تاہم اذان اویس اور محسن ریاض کی ذمہ دارانہ بیٹنگ میچ کو ڈرا کی طرف لے گئی۔
محمد ہریرہ بغیر کوئی رن بنائے عبید شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
فہد جمیل 25 پہلی اننگز کے سنچری میکر عاشر محمود 14 اور عبدالرحمن ایک رن بناکر آؤٹ ہوئےتو سیالکوٹ کا اسکور 4 وکٹوں پر 102 رنز تھا اور اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے اسے اب بھی 73 رنز بنانے تھے۔
اذان اویس نے محسن ریاض کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 116 رنز کا اضافہ کیا۔
اذان اویس ایک چھکے اور 17 چوکوں کی مدد سے121 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز کرتے ہوئے 4 سنچریوں اور2 نصف سنچریوں کی مدد سے 807 رنز بناچکے ہیں۔
محسن ریاض نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے57 رنز ناٹ آؤٹ کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
اس سے قبل لاہور وائٹس کی ٹیم اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں 11رنز کا اضافہ کرکے 639 پر آؤٹ ہوگئی۔ علی زریاب 23 چوکوں کی مدد سے 206 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سیالکوٹ کی طرف سے لیفٹ آرم اسپنر شاہ زیب بھٹی نے 236 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔