پشاور زلمی کرکٹ ٹرائلز: خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کا نیاباب
پشاور: پشاور زلمی کے زیر اہتمام حیات آباد کرکٹ گراؤنڈ میں منعقدہ ٹرائلز نے خیبرپختونخوا کے نوجوان کرکٹرز میں جذبہ اور عزم کی نئی لہر دوڑا دی ہے۔
ان خیالات کااظہار مردان سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان کرکٹر اعزاز علی نے حیات اباد کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کرکٹ ٹرائلز نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اعزاز علی نے مزید کہا کہ یہ ٹرائلز کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قومی سطح پر نمایاں ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ ہمیں اس طرح کے مواقع کی اشد ضرورت تھی تاکہ ہم اپنی محنت اور مہارت کو منوا سکیں۔
یہ ٹرائلز ہماری زندگی بدل سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کی اس کاوش کو نوجوان کھلاڑیوں اور کرکٹ کے شائقین کی طرف سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ ٹرائلز میں خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں نے حصہ لیا
اور اپنے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کوچز اور سلیکٹرز نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا تاکہ بہترین ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جا سکے۔
انکاکہناتھاکہ یہ ٹرائلز خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس سے علاقائی سطح پر کھیل کے معیار میں بہتری آئے گی۔ پشاور زلمی کے اس اقدام نے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ شائقین کو بھی ایک نئی امید اور جوش فراہم کیا ہے۔